مصباح نے مشکل وقت میں حوصلہ دیا: ڈین جونز

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
اسلام آباد یونائٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹے ان کی ٹیم کے لیے انتہائی سخت گزرے اس دوران کپتان مصباح الحق نے ٹیم کا ماحول خوشگوار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائٹڈ کے دو کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف پاکستان سپر لیگ کے دوران مشکوک افراد سے رابطہ کرنے کی پاداش میں معطل کیے جاچکے ہیں اور انہیں وطن واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ ایک اور کھلاڑی محمد عرفان سے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن یونٹ نے پوچھ گچھ کی ہے اور انہیں کلیئر کردیا گیا ہے۔
ڈین جونز نے سنیچر کو لاہور قلندر کے خلاف میچ میں چھ وکٹوں سے شکست کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق پرسکون مزاج کے کھلاڑی ہیں جن کے جذبات آسانی سے ظاہر نہیں ہوتے جو ایک اچھی بات ہے اور کم ہی لوگ ان کی بذلہ سنجی اور مذاق کی عادت دیکھ پاتے ہیں لیکن اس مشکل وقت میں انہوں نے اپنے رویے سے ٹیم کا ماحول خوشگوار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔

،تصویر کا ذریعہEPA
ڈین جونز نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے کھیل کو صاف شفاف رکھنے کے لیے جو کوشش کی وہ انتہائی موثر ثابت ہوئی۔
ڈین جونز نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹڈ کا اگلا میچ پندرہ فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شارجہ میں ہے۔
ڈین جونز نے کہا کہ ٹیم کو ان چار دنوں میں دوبارہ ذہنی طور پر یکجا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔





