جہانگیر خان پشاور زلمی کے برانڈ ایمبیسیڈر

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
سکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیرخان کو یقین ہے کہ پاکستان سپرلیگ پاکستانی کرکٹ کو نیا ٹیلنٹ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
جہانگیرخان پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی پشاور زلمی کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔
دس باربرٹش اوپن چیمپیئن رہنے والے جہانگیرخان نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن اسے ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں کارپوریٹ سیکٹر کا کردار موثر ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کی دنیا میں عروج دیکھا ہے لیکن اب حالات مختلف ہیں اور کارکردگی کا گراف نیچے جا رہا ہے لیکن دیانتداری سے کام کرتے ہوئے اسے دوبارہ اوپر لانا کوئی مشکل نہیں ہے۔
جہانگیر خان نے کہا کہ ان کا پشاور زلمی سے وابستگی اختیار کرنے کا ایک مقصد یہ تھا کہ پشاور ان کا آبائی شہر ہے اس کے علاوہ جاوید آفریدی پشاور زلمی کے پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوان ٹیلنٹ کے لیے زبردست کام کررہے ہیں۔ انھوں نے خود کو صرف کرکٹ تک محدود نہیں رکھا ہے بلکہ دوسرے کھیلوں میں بھی وہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اس کے علاوہ ان کے فلاحی منصوبے بھی قابل قدر ہیں۔

،تصویر کا ذریعہPCB
جہانگیرخان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان کھلاڑیوں کو سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنا اعتماد بڑھانے کا بھرپور موقع مل رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کی کرکٹ کو پاکستان سپر لیگ سے متعدد اچھے کرکٹرزملیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جہانگیرخان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے اسوقت پوری دنیا پر اپنا اثر دکھا رکھا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ مختصر وقت میں یہ شائقین کو اچھی تفریح فراہم کرتی ہے۔
چھ بار کے ورلڈ چیمپیئن نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ ان کی ٹیم پشاور زلمی جیتے لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کوئی بھی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی اور یہی اس طرز کی کرکٹ کی سب سے بڑی خوبصورتی ہے۔










