آئی سی سی کی عمران طاہر کو جنید جمشید کی تصویر والی شرٹ پر تنبیہ

عمران طاہر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ کے کرکٹر عمران طاہر کو میچ کے دوران پاکستان کے معروف نعت خواں اور ماضی کے مقبول گلوکار جنید جمشید کی تصویر والی شرٹ پہننے پر باقاعدہ تنبیہ کی ہے۔

عمران طاہر نے جوہانسبرگ میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں وکٹ حاصل کرنے کی خوشی میں جب اپنی قومی کرکٹ ٹیم کی شرٹ کو اوپر اٹھایا تو اس کے نیچے انھوں نے جنید جمشید کی تصویر والی ایک اور شرٹ پہن رکھی تھی۔

آئی سی سی یعنی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سےجاری ہونے والے ایک بیان میں عمران طاہر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ذاتی پیغام کی اپنی ٹیم اور آئی سی سی کی اجازت کے بغیر تشہیر کی۔

بیان کے مطابق عمران طاہر نے آئی سی سی کے لباس اور ساز و سامان سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔

ان قوانین کے تحت'کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو لباس کے ذریعے، بازوں پر بینڈ کے ذریعے اور اپنے ساز و سامان کے ذریعے ذاتی پیغامات کی تشہیر کی اجازت نہیں ہے جبکہ اس کے لیے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو ایسے کسی اقدام کے لیے اپنے بورڈ اور آئی سی سی سے پیشگی اجازت درکار ہوتی ہے۔'

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پیشگی اجازت کی درخواست کو مسترد بھی کیا جا سکتا ہے اگر پیغامات سیاست، مذہب اور نسلی سرگرمیوں سے متعلق ہوں۔'

آئی سی سی کے مطابق عمران طاہر نے قوانین کی خلاف ورزی کو تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے لاگو کی گئی شق کو قبول کر لیا ہے اور اس وجہ سے اب ان کے خلاف کوئی باقاعدہ قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے معروف نعت خواں اور ماضی کے مقبول گلوکار جنید جمشید گذشتہ برس دسمبر میں پی آئی اے کے جہاز کے حادثے ہلاک ہو گئے تھے۔