آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بلے بازوں کو بھی وہی کرنا ہوگا جو بولر کر رہے ہیں: محمد حفیظ
پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے بلے بازوں کو بھی وہی کرنا ہوگا جو بولرز کر رہے ہیں۔
بدھ کے روز پرتھ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ صرف ایک ہی یونٹ کی کارکردگی پر میچ نہیں جیتا جا سکتا، لہٰذا بولرز کے ساتھ ساتھ بلے بازوں کو بھی بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ کو اظہر علی کے ان فٹ ہونے کے باعث قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائص سونپے گئے ہیں اور ان کی کپتانی میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
پرتھ کی پچ اپنی تیزی اور باؤنس کے لیے جانی جاتی ہے تاہم محمد حفیظ کا اس بارے میں کہنا تھا کہ پچ کے تیز ہونے یا باؤنسی ہونے سے کوئی خاص فرق نہیں پرتا، فرق صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی سے پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بطور ٹیم ہم نے اب تک اچھی کرکٹ کھیلی ہے ہمارے بولرز نے بہت اہم مواقعوں پر ہمیں وکٹیں دلوائی ہیں۔ ہم ایسے ہی جارحانہ اور مثبت کرکٹ کو جاری رکھیں۔‘
محمد حفیظ نے کہا کہ پہلے ون ڈے میچ میں شکست کے بعد تمام کھلاڑیوں نے غلطیوں کی نشاندہی کی اور دوسرے میچ میں انھوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب ایک صحافی کی جانب سے ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بھی پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کی کپتانی کی دوڑ میں شامل ہیں تو ان کا جواب تھا کہ ’میرے خیال میں اس معاملے پر بات کرنا غیر ضروری ہے، اظہر علی ہمارے کپتان ہیں، بدقسمتی سے وہ ان فٹ ہونے کے باعث ٹیم میں نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ جلد از جلد ٹیم میں واپس آئیں۔‘