قطر اوپن: جوکووچ نے مرے کو شکست دے دی

جوکووچ اور اینڈی مرے

،تصویر کا ذریعہALLSPORT/Getty Images

،تصویر کا کیپشنجوکووچ اور اینڈی مرے 36 بار آمنے سامنے ہوئے ہیں

ٹینس کے سٹار کھلاڑی نوواک جوکووچ نے قطر اوپن میں اپنے اعزاز کے دفاع کے ساتھ نئے سال کا آغاز کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی نوواک جوکووچ نے ٹینس کی دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے کی ملسل 28 فتوحات کے سلسلہ کو توڑ دیا ہے۔

سربیا کے جوکووچ نے برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو قطر اوپن کے فائنل میں 6-3، 5-7 اور 6-4 سے شکست دی۔

جوکووچ نے تقریبا تین گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد فائنل میں کامیابی حاصل کی۔

اس کے بعد دونوں کھلاڑی سال کے پہلے گرانڈ سلیم ٹورنامنٹ کے لیے آسٹریلیا روانہ ہوں گے جہاں 16 جنوری سے آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے۔

29 سالہ مرے نے شکست کے بعد کہا: مقابلہ سخت تھا تاہم سال کا آغاز اچھا ہوا ہے اور ہم آنے والے چند ہفتوں کے تعلق سے بہت پرامید ہیں۔

جوکووچ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجوکووچ نے دوحہ میں کامیابی کے ساتھ اپنے ٹائٹل کا دفاع کیا ہے

دوحہ میں ہونے والے فائنل کے تیسرے سیٹ میں جوکووچ تھکے ہوئے نظر آئے تاہم انھوں نے سخت مقابلہ کیا اور میچ میں واپسی کی۔

انھوں نے کہا: اپنے سب سے بڑے حریف کے خلاف یہاں جیت حاصل کرنا سال کی بہترین ابتدا ہے جو کسی خواب سے کم نہیں۔

آئندہ ہفتے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں بھی جوکووچ دفاعی چیمپیئن ہیں۔ انھوں نے گذشتہ سال مرے کو شکست دے کر چھٹی بار یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔

جوکووچ

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنآئندہ ہفتے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں بھی جوکووچ دفاعی چیمپیئن ہیں