آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی برتری 22 رنز
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 465 رنز بنائے تھے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
اس طرح آسٹریلیا کی برتری اب 22 رنز کی ہو چکی ہے اور اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز443 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
بارش اس ٹیسٹ میچ کے مسلسل تعاقب میں ہے اور چوتھے دن کا کھیل بھی بری طرح متاثر ہوا اور صرف 55.5 اوورز کھیلے جاسکے اور یہ ٹیسٹ میچ اب بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
آسٹریلوی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ وارنر کے بعد کپتان سٹیو سمتھ کی سنچری تھی جو کھیل کے اختتام پر 100 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین مچل سٹارک سات رنز پر کھیل رہے تھے۔
آسٹریلیا نے 278 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی لیکن عثمان خواجہ اپنے گذشتہ روز کے سکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کر کے 97 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
سمتھ اور پیٹر ہینڈس کومب نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 92 رنز کا اضافہ کیا۔
ہینڈس کومب کو 54 رنز کے انفرادی سکور پرسہیل خان نے آؤٹ کیا۔
نک میڈنسن ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 22 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی گرنے والی چھٹی وکٹ میتھیو ویڈ کی تھی جنھیں نو رنز پر سہیل خان کی گیند پر اسد شفیق نے کیچ کیا۔
کپتان سمتھ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور نو چوکوں کی مدد سے 100 رنز مکمل کیے۔
یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 17 ویں سنچری ہے۔
سمتھ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز کی رنز مشین بن چکے ہیں۔
میلبرن کے میدان میں یہ ان کی لگاتار تیسری سنچری ہے اس سے قبل انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 134 رنز ناٹ آؤٹ اور جنوبی افریقہ کے خلاف 192 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھیں۔
سمتھ نے اس کلینڈر سال میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ہیں۔
یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 1,000 سے زائد رنز بنائے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض، یاسر شاہ اور سہیل خان دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی پہلی اننگز میں 465 رنز بنائے تھے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔