سلمان بٹ کی سزا پوری ہوگئی، اب واپسی ہونی چاہیے: وقار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس کا کہنا ہے سلمان بٹ کو سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر دی جانے والی پانچ سال کی سزا مکمل ہونے پر قومی ٹیم میں دوبارہ شامل کیا جانا چاہیے۔

32 سالہ سلمان بٹ کو فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد آصف کے ہمراہ اگست 2010 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں سپاٹ فکسنگ کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

24 سالہ محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی ہوچکی ہے جبکہ 33 سالہ محمد آصف اور سابق کپتان سلمان بٹ کی تاحال واپسی ممکن نہیں ہوسکی۔

وقار یونس نے بی ٹی سپوٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'انھوں نے اپنی سزا مکمل کر لی ہے اور شاید ہر کوئی زندگی میں ایک اور موقعے کا مستحق ہوتا ہے۔'

خیال رہے محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کو سنہ 2010 میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے پر جیل کی سزا بھی ہوئی تھی، جس میں محمد عامر اور محمد آصف نے جان بوجھ نو بالز کروائی تھیں۔

سابق فاسٹ بولر وقار یونس اس وقت پاکستانی ٹیم کے کوچ تھے اور رواں سال ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہونے جانے کے بعد اپریل میں انھوں نے استعفی دے دیا تھا۔

ان کا کہنا ہاے کہ وہ سلمان بٹ کے حق میں ہیں، جن کی جنوری میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے اور دسمبر کے اوائل میں کھیلے گئے فرسٹ کلاس فائنل میں دو سینچریاں سکور کی ہیں۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ بہت اچھا کھیل رہے تھے اور اور انھوں نے اپنی سزا پوری کر لی ہے اور میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ ہر کوئی دوسرے موقعے کا مستحق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 'لوگوں کی اس بارے میں آرا مختلف ہوسکتی ہیں۔ وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے، وہ بہت عمدہ کھیل رہا ہے۔'