مصباح الحق کی وطن واپسی ، اظہر دوسرے ٹیسٹ میں کپتان

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اپنے سسر کے انتقال کی وجہ سے نیوزی لینڈ سے وطن واپس آنا پڑا ہے اور ان کی جگہ اظہرعلی دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
مصباح الحق کو اپنے سسر کے انتقال کی خبر پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ملی ۔ ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ نیوزی لینڈ میں تھیں۔ یہ دونوں اتوار کے روز پاکستان روانہ ہو گئے اور پیر کی صبح لاہور پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق کے سسر گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل تھے۔
مصباح الحق نے کرائسٹ چرچ میں اپنے پچاس ویں ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تاہم پاکستانی ٹیم کو اس ٹیسٹ میں آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یہ دوسرا موقع ہے کہ مصباح الحق کپتان بننے کے بعد کسی ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اس سے قبل 2012 ء میں سلو اووریٹ کی پاداش میں ایک میچ کی معطلی کی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہرعلی کو مصباح الحق کی جگہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے کپتان مقرر کیا ہے جو پچیس نومبرسے ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔



