شارجہ ٹیسٹ سے پہلے ہی مشن مکمل ہوچکا تھا: مکی آرتھر

مکی آرتھر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنمکی آرتھر نے شارجہ ٹیسٹ کے چوتھے دن یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا کہ تیسرے ٹیسٹ سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کا مشن مکمل ہو چکا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ شارجہ ٹیسٹ سے قبل ہی ٹیم کا مشن مکمل ہو چکا تھا۔

مکی آرتھر نے یہ بیان آخری ٹسیٹ کے چوتھے دن دیا جب پاکستانی ٹیم کو شارجہ ٹیسٹ میں شکست کا سامنا ہے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم جیت سے صرف 39 رنز دور ہے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔

مکی آرتھر نے یہ کہہ کر سب کو حیران کردیا کہ تیسرے ٹیسٹ سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کا مشن مکمل ہو چکا ہے۔

ان کا اشارہ پاکستانی ٹیم کی سیریز کی جیت پر تھا جو وہ دبئی اور ابوظہبی کے ٹیسٹ میچز جیت چکی ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد کھلاڑی صرف چند روز کے آرام کر کے متحدہ عرب امارات میں مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اب وہ تھک چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک ہی حریف کے خلاف کھیلتے رہنے اور ایک ہی ہوٹل میں قیام کرنے کے بعد اب کھلاڑیوں کو مختلف ماحول کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے سامنے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف دو بڑی سیریز ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ شارجہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اگر پاکستانی ٹیم بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جاتی تو وہ ویسٹ انڈیز کو دباؤ میں لے سکتی تھی لیکن ایسا نہ ہونے سے وہ خود دباؤ کا شکار ہوگئی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ ٹیم کو صبر سے بیٹنگ کی ضرورت تھی لیکن ویسٹ انڈیز نے پاکستانی بیٹسمینوں کی غلطیوں سے فائدہ اٹھایا۔

مکی آرتھر کو اب بھی یقین ہے کہ اگر پانچویں دن ابتدا میں ان کے بولرز دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پاکستانی ٹیم فیورٹ ہوگی۔

انھوں نے سرفراز احمد اور اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بارے میں سوال پر محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے لاپروائی نہیں کہیں گے لیکن یہ ضرور ہے کہ انھیں اس سے مایوسی ہوئی۔