پاکستان-آسٹریلیا میچ میں کرکٹ اور پول دونوں کا مزا

سٹیفینی رائس

،تصویر کا ذریعہCricketAus/Twitter

،تصویر کا کیپشنآسٹریلوی تیراک رائس نے سینڈی پوائنٹ کا بھی افتتاح کیا

'جینٹل مینز گیم' کہے جانے والے کھیل کرکٹ میں جتنی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اتنی شاید دوسرے گیمز میں سامنے نہیں آئی ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دسمبر کے وسط میں ہونے والا میچ اپنے آپ میں ایک سنگ میل ثابت ہونے والا ہے کیونکہ آسٹریلیا کی گرمیوں کی دو اہم باتیں کرکٹ اور پول کو گابا سٹیڈیم میں یکجا کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے تاجر کیری پیکر اور چینل نائن کے سبب سنہ 1977-79 کے دوران اس کھیل میں انقلاب آفریں تبدیلیاں رونما ہوئی تھیں۔ اب یہ دوسری بات ہے کہ وہ تنازعے کا شکار ہو گئیں۔

اس کے بعد تو اس کھیل نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور وقت کے ساتھ اس کھیل کے کئی فارمیٹ رائج ہوئے۔

ٹیسٹ، تین روزہ، دو روزہ، ایک روزہ، ٹی ٹوئنٹی، سکس اے سائیڈ جیسے کتنے ہی فارمیٹ کے علاوہ ڈے اینڈ نائٹ اور پھر رات میں کرکٹ کا لطف لیا جانے لگا۔

ہر چوکے، چھکے اور وکٹ پر اپنا جوہر دکھانے کے لیے 'چیئر گرلز' کی موجودگی کے علاوہ گیمز میں طرح طرح کی گیندوں کے استعمال نے سفید لباس والے اس کھیل میں نہ جانے کتنے رنگ اور نہ جانے کتنی جہات کا اضافہ کیا۔ 'انڈین پریميئر لیگ' کے بعد تو ہر کرکٹ کھیلنے والے ملک میں اپنی قومی لیگ ہونے لگی۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

لیکن اب کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف برسبین کے گابا سٹیڈیم میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والے 'کامن ویلتھ بینک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ' کے لیے انوکھے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس میں کرکٹ کے ساتھ پول اور ساحلی ریت کا مزہ بھی لیا جا سکتا ہے۔

گابا میں مختلف سطح پر سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ ناظرین گرمی سے بچ سکیں اور پول میں آرام کرتے ہوئے میچ کا لطف بھی لیں۔

ناظرین کے لیے ساحل کے ماحول سے بھی لطف اندوز ہونے کے مواقع 'سینڈی پوائنٹ' پر مل سکتے ہیں۔ یہ جگہ گابا کے سٹیڈیم سے ملحق ہے جہاں پر طرح طرح کے کھانے اور مشروب کے علاوہ بیٹھنے کی سیٹوں اور بڑے سکرین پر کرکٹ دیکھنے کی سہولیات کا انتظام بھی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کو امید ہے کہ برسبین میں ہونے والے اس پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں پول ڈیک اور سینڈی پوائنٹ دلچسپی کا باعث ہوں گے۔ یہ میچ گابا میں ٹیسٹ کرکٹ کی 85 ویں سالگرہ پر منعقد ہو رہا ہے۔

تیراکی کی اولمپک چیمپیئن سٹیفین رائس نے بدھ کو برسبین کے جنوبی ساحل پر موجود پول ڈیک اور سینڈی پوائنٹ کا افتتاح کیا۔

آسٹریلوی کھلاڑی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا میں گرمیوں کے موسم میں کرکٹ اور پول بہت مقبول ہیں

خیال رہے کہ گابا میں آسٹریلیا کو سنہ 1988 کے بعد ٹیسٹ میچ میں کوئی شکست نہیں ہوئی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے رواں سال کے اوائل میں کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیا تھا اور دو تہائی ٹکٹ کو گذشتہ سال کے مقابلے کم قیمت پر دینے کا اعلان کیا تھا۔

تمام ٹیسٹ میچ اور ون ڈے کے لیے سب سے کم قیمت کا ٹکٹ ایک بالغ کے لیے 30 آسٹریلین ڈالر ہے، بچوں کے لیے دس ڈالر جبکہ فیملی کے لیے 65 ڈالر۔