مورگن، بریتھ ویٹ اور نارائن پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی پانچوں فرنچائز ٹیموں نے بدھ کی شب دبئی میں ڈرافٹنگ کے بعد اپنی ٹیموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
کھلاڑیوں کی بولی کے بعد انگلینڈ کے اوئن مورگن کو پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا ہے۔
واضح رہے کہ اوئن مورگن انگلینڈ کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان ہیں تاہم انھوں نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ پہلی پاکستان سپر لیگ میں وہ کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل تھے۔
لاہور قلندر نے نیوزی لینڈ کے برینڈن مک کیولم کو پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا ہے جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کراچی کنگز کی طرف سے کھیلیں گے۔
سنگاکارا پہلی پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی سپلیمنٹری کیٹگری میں شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کو اس سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں لگاتار چار چھکے لگا کر کامیابی سے ہمکنار کرنے والے کارلوس بریتھ ویٹ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حاصل کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لاہور قلندر نے پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ اور ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن کو بھی اپنے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کراچی کنگز نے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور کیرون پولارڈ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
انگلینڈ کے کیون پیٹرسن بدستور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل اور آسٹریلیا کے شین واٹسن بدستور اسلام آباد یونائٹڈ میں شامل رہیں گے۔







