فیس بک، ٹوئٹر آئی پی ایل کے حقوق خریدنے کی دوڑ میں

فیس بک ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہReuters

فیس بک اور ٹوئٹر انڈین کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے میڈیا حقوق خریدنے پر غور کر رہے ہیں۔

انڈین کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ فیس بک اور ٹوئٹر نے مقبول ٹی20 ٹورنامنٹ آئی پی ایل کے میڈیا حقوق خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ان دو سوشل میڈیا کمپنیوں کے علاوہ دوسری کئی کمپنیاں بھی آئی پی ایل میں دلچسپی رکھتی ہیں جن میں ایمیزان، ریلائنس جیو اور ای ایس پی این ڈجیٹل میڈیا شامل ہیں۔

توقع ہے کہ 2018 کے بعد سے حقوق خریدنے کے لیے 25 اکتوبر کو نیلامی کی جائے گی۔

کرکٹ انڈیا کا مقبول ترین کھیل ہے اور بالی وڈ کے ستاروں اور انڈیا کی بڑی کمپنیاں نے اس میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا: 'انڈین پریمیئر لیگ کے میڈیا رائٹس خریدنے میں ممتاز میڈیا اور ٹیکنالوجی کمپنیوں نے خاصی دلچسپی دکھائی ہے۔'

بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر نے کہا: 'یہ انڈین کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہو گا۔ مجھے میڈیا اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اتنا اچھا ردِعمل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔'

آئی پی ایل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انھوں نے مزید کہا: 'مختلف پلیٹ فارموں، پر مواد دکھانے کا رجحان زیادہ اہم ہوتا جا رہا ہے۔ اس بار ٹی وی، انٹرنیٹ اور موبائل کے حقوق برائے فروخت ہیں۔ اس موقعے پر 18 سے زیادہ کمپنیوں کی جانب سے بولی لگانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ انڈین پریمیئر لیگ پر یقین رکھتی ہے۔'

ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کو ٹی وی، انٹرنیٹ اور موبائل کے حقوق کی فروخت سے ساڑھے چار ارب ڈالر آمدن کی توقع ہے۔