دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 34 رنز سے شکست دے دی

بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو 34 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز سکور کیے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے صرف دو بلے باز ہی جم کر کھیل پائے۔ محمود اللہ نے 88 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے دورے جم کر کھیلنے والے بیٹسمین مرتضیٰ تھے۔ انھوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 29 گیندوں میں دو چھوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 44 رنز سکور کیے۔

انگلینڈ کی جنب سے ووکس، راشد اور بال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 44.4 اوورز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی وکٹیں تواتر سے گرتی رہیں اور بیرسٹو اور بٹلر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ بٹلر نے 57 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 57 رنز سکور کیے۔

راشد اور بال نے آخری وکٹ کی شراکت میں 45 رنز سکور کیے لیکن میچ نہ جتوا سکے۔ بال 22 گیندوں میں 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

راشد 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مرتضیٰ نے چار اور تسکین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔