باکسنگ مقابلے میں زخمی ہونے والے سکاٹش باکسر چل بسے

Mike towell

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنگذشتہ 21 برسوں میں وہ کسی مقابلے کے بعد انتقال کر جانے والے تیسرے باکسر ہیں

سکاٹ لینڈ کے باکسر مائیک ٹوویل ایک باکسنگ مقابلے میں شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔

جمعرات کو گلاسگو میں 25 سالہ باکسر کو ویلز کے ڈیل ویونز کے ساتھ مقابلے کے پانچویں راؤنڈ میں شکست ہوئی تھی جس کے بعد انھیں فورا ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ٹوویل کی پارٹنر چلو روس کا کہنا تھا کہ انھوں نے 'آخر تک مقابلہ کیا۔'

گذشتہ 21 برسوں میں برطانیہ میں مقابلے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسنے والے وہ تیسرے پروفیشنل باکسر ہیں۔

مائیک ٹوویل کی مینیجمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ جب ان کا انتقال ہوا تو ان کے خاندان ان کے قریب ہی تھا۔ سینٹ اینڈیوز سپورٹنگ کلب نے بھی تصدیق کی کہ سنیچر کی صبح ان کا انتقال ہو گیا ہے۔

مائیک ٹوویل کی پاٹرنر چلو روس نے فیس بک پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ٹوویل جمعے کو برطانوی وقت کے مطابق 23:00 بجے سے کچھ دیر بعد 'پر امن انداز میں' انتقال کر گئے۔'

ٹوویل کی پارٹنر کے مطابق بہت زیادہ خون بہا اور ان کے دماغ پر سوجن تھی۔

Mike towell

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنگذشتہ 21 برسوں میں وہ کسی مقابلے کے بعد انتقال کر جانے والے تیسرے باکسر ہیں

چلو روس نے مزید لکھا کہ ان کے پارٹنر کو گذشتہ چند ہفتوں سے سر درد کی بھی شکایت تھی۔

سینٹ اینڈریوز سپورٹنگ کلب کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹوویل کی مینجمنٹ ٹیم کو مقابلے سے پہلے ان کے سر درد کی شکایت کے بارے میں علم نہیں تھا۔

گلاسگو کے سینٹ اینڈیوز سپورٹنگ کلب میں ہونے والے مقابلے میں پہلے راؤنڈ میں ٹوویل ناک ڈاؤن ہوگئے تھے تاہم انھوں نے مقابلہ جاری رکھا۔

میچ کے پانچویں راؤنڈ میں ریفری وکٹر لوفلن کو اس وقت کھیل روکنا پڑا جب ان کے مدقابل باکسر ایونز نے انھیں دوسری مرتبہ ناک ڈاؤن کر دیا۔

انھیں فوری طور پر وہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔