 |  بلِ اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پچھلے دس برس میں سات ارب ڈالر کی رقم کا وعدہ کیا ہے۔ |
سافٹ وئیر کمپنی مائیکرو سوفٹ کے مالک بلِ گیٹس کی فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں نوزائیدہ بچوں کی ویکسینیشن کے لئے اگلے دس برس تک سات سو پچاس ملین ڈالر وقف کرے گی۔ مسٹر گیٹس کا کہنا ہے کہ اس امداد سے لاکھوں بچوں کی جان بچانے میں مدد ملے گی۔ ’بچوں کی ویکسینیشن کے لئے امداد دینا بلا شبہ اب تک ہماری سب سے اہم سرمایہ کاری ہے۔‘ اس کے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ناروے اسی سلسلے میں دو سو نوے ملین ڈالر کی رقم کی امداد دے گا۔ ناروے یہ رقم اگلے پانچ برس میں جبکہ مسٹر گیٹس اگلے دس سالوں میں امدادی رقم مہیا کریں گے۔ مسٹر گیٹس امدادی کاموں میں حصہ لینے کے سلسلے میں خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ بلِ اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پچھلے دس برس میں مختلف امدادی کاموں میں سات ارب ڈالر کی رقم کا وعدہ کیا ہے۔ یہ امدادی رقم ’گاوی‘ نامی جس تنظیم کو دی جائے گی وہ سن دو ہزار میں پوری دنیا میں ویکسینیشن کے کام کو بہتر بنانے کے لئے بنائی گئی تھی اور اب تک چون ملین بچوں کی کامیابی سے مختلف بیماروں کے خلاف ویکسینیشن کرچکی ہے۔ |