| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدر مشرف سے بل گیٹس کا رابطہ
دنیاکی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔ مائیکرو سافٹ کے مالک بل گیٹس نے صدر جنرل پرویز مشرف سے ٹیلی فون پر رابط قائم کیا اور ان سے پاکستان میں کمپیوٹر کی صنعت اور انفارمیش ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایک سرکاری ترجمان نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ بل گیٹس نے صدر جنرل پرویزمشرف سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر بھی بل گیٹس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں ملاقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مشرف جنوری میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ڈیوس جارہے ہیں جہاں ان کی بل گیٹس سے ملاقات متوقع ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صدر مشرف نے بل گیٹس کو پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے موقعوں کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بل گیٹس کو پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں اس شعبہ میں ہونے والی ترقی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر مشرف نے بل گیٹس کو بینڈ وِڈتھ کے نرخوں میں نمایاں کمی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی ترقی کے بارے میں بتایا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کے دور اُفتادہ حصوں میں بھی انٹرنیٹ کی سہولیات مہیا کر دی گئی ہیں اور نوجوان نسل اس شعبے میں بہت دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کمپیوٹر کے شعبے سے تعلق رکھنے والے نوجوان بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی دوسرے ملک کے آئی ٹی ماہرین کے مقابلے میں بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||