بڑی ڈگری، لمبی عمر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کچھ لوگ دوسروں کے مقابلہ میں زیادہ لمبی زندگی کیوں جیتے ہیں؟ یہ سوال صدیوں سے پوچھا جا رہا ہے۔ اکثر اس کا جواب ہوتا ہے اچھی غذا اور صحت مند ماحول۔ لیکن کئی دفعہ اس کا جواب دینا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر جاپانی مردوں کی عمر برطانوی مردوں کے مقابلہ میں عموماً چار سال زیادہ لمبی کیوں ہوتی ہے؟
مانچسٹر میں رہنے والی عورتوں کی اوسط عمر لندن میں رہنے والی عورتوں کی اوسط عمر سے تین سال کم کیوں ہوتی ہے؟ مغربی لندن میں رہنے والا آدمی مشرقی لندن میں رہنے والے آدمی سے چھ سال زیادہ کیوں زندہ رہتا ہے؟ سائنسدانوں نے ان سوالات کے بہت سے جوابات پیش کیئے ہیں، جن میں طرزِ زندگی اور لوگوں کے جنین کا عمل دخل شامل ہے۔ لیکن یونیورسٹی کالج لندن کے ایک پبلک ہیلتھ کے پروفیسر، سر مائیکل مارموٹ، کی کتاب میں کچھ اور وجوہات کا ذکر ہے۔ سر مائیکل پچھلے تیس سال سے اوسط عمر کے حوالے سے پائے جانے والے اختلافات کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ وہ انیس سو ساٹھ سے سرکاری ملازمیں کی صحت کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ اس تحقیق کے مطابق سرکاری ملازم کی صحت کا تعلق ان کے عہدہ سے ہوتا ہے، جتنا اونچا عہدہ اتنی بہتر صحت۔ مزید تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ بات اور شعبوں کے لوگوں کے لئے بھی سچ ہے۔ پی ایچ ڈی کرنے والوں کی عمر ایم اے کرنے والوں سے زیادہ ہوتی ہے اور ایم اے کرنے والے بی اے کرنے والوں سے زیادہ جیتے ہیں۔ اسی طرح جو اداکار آسکر ایوارڈ جیتتے ہیں وہ ان کی عمر ان اداکاروں سے تقریباً تین سال لمبی ہوتی ہے جو اس ایوارڈ کے لئے نامزد تو ہوئے لیکن اسے جیت نہ سکے۔ سر مائیکل اس قسم کے رجحان کو سٹیٹس سینڈروم کہتے ہیں اور ان کی کتاب کا نام بھی یہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اس کے حق میں بہت سے شواہد موجود ہیں۔ سوسائٹی میں اونچا مقام اچھی صحت کا راز ہے۔‘ انہیں یقین ہے کہ یہ بات اچھی غذا اور طبی سہولیات سے بھی زیادہ اہم ہے۔ سر مائیکل کے مطابق دو چیزیں انسان کے معاشرہ میں مقام پر اثر کرتی ہیں۔ ایک تو یہ کہ ہمارا اپنی زندگی پر کتنا کنٹرول ہے اور دوسرا یہ کہ ہم معاشرے میں کیا رول ادا کر رہے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ آمدنی کا اس پر کوئی خاص اثر نہیں نظر آتا۔ سر مائیکل کہتے ہیں کہ ’پیسے سے آچھی صحت خریدی نہیں جا سکتی۔ صرف آمدنی اہم نہیں ہے۔‘ ان کی تحقیق کے ذریعے یہ سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے کہ آخر یونان اور مالٹا جیسے غریب ممالک کے رہنے والوں کی اوسط عمر برطانیہ اور امریکہ کے باشندوں سے زیادہ کیوں ہے۔ سر مائیکل کا خیال ہے کہ لوگوں کی صحت بہتر کرنے اور ان کی اوسط زندگی بڑھانے کے لئے انہیں اپنی زندگی پر زیادہ کنٹرول اور معاشرے میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہیئے۔ ان کا حکومتوں کو یہ مشورہ ہے کہ انہیں بچوں کی تعلیم پر زور اور لوگوں کو اپنی زندگی پر زیادہ کنٹرول دینا چاہیئے۔ بوڑھے لوگوں کا بھی زیادہ اچھا خیال رکھنا چاہیئے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||