 |  گوگل کے بانی لیری پیج اورسرگئی برن |
انٹرنیٹ کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل اور بھی بڑا ہوگیا ہے کیونکہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اب اس انجن کے ذریعے چھ ارب اشیاء کو تلاش کیا جا سکے گا۔ ان اشیاء میں چار ارب ویب صفحات ہونگے جبکہ موجودہ توسیع سےگوگل کے ذریعے تقریباً ایک ارب تصاویر تلاش کی جا سکتی ہیں۔ سن انیس سو اٹھانوے میں امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں لیری پیج اور سرگئی برن کی طرف سے گوگل کے اجراء کے بعد سے اس سرچ انجن نے بے پناہ ترقی کی ہے اور یہ انٹرنیٹ کا سب سے مقبول سرچ انجن بن چکا ہے۔ گوگل کو انٹرنیٹ پر ٹریفک کا ستر فیصد حصہ ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے ہر دس افراد میں سے سات انٹرنیٹ پر معلومات کی تلاش میں گوگل پر ہی کلک کرتے ہیں۔ پچھلے سال ایپل کمپیوٹر پر سبقت دیتے ہوئے گوگل کو دنیا کا بہترین برانڈ قرار دیا گیا تھا۔ گوگل کی مقبولیت اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ اب لفظ گوگل عام زبان کا حصہ بھی بن چکا ہے۔ گوگل کی مد مقابل کمپنیاں ایم ایس این اور یاھو سرچ انجن کی ٹیکنالوجی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہیں تاکہ انٹرنیٹ کی مارکیٹ کا کچھ حصہ واپس لیا جائے۔ |