| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’ڈیٹ‘ کی وجہ سے پکڑے گئے
دنیا بھر میں مشہور ویب سائٹ گوگل کی وجہ سے امریکہ میں ایک برس سے مفرور مبینہ دغا باز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس مفرور کے ساتھ ایک امریکی خاتون ’ڈیٹ‘ پر جانے والی تھیں کہ اچانک انہوں نے اس شخص کا نام گوگل کی ویب سائٹ پر دیکھ لیا۔ جس کے فوراً بعد انہوں نے ایف بی آئی کو مطلع کیا اور اس کی گرفتاری ممکن ہو سکی۔ لاشان پیٹس براؤن امریکی ریاست اوہائیو میں تعمیر نو کے منصوبوں سے متعلق فنڈ مبینہ طور پر ہڑپ لینے کے سلسلے میں مطلوب تھے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گوگل سرچ انجن کے ذریعے خاتون کو علم ہوا کہ پیٹس براؤن کا نام ایف بی آئی کے جاری کردہ گرفتاری کے وارنٹ پر موجود ہے تو انہوں نے حکام کو مطلع کر دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق انٹر نیٹ کے ذریعے لوگوں کے کوائف کا پتہ چلانا عام ہوتا جا رہا ہے۔ سنسناٹی میں ٹی وی نیوز چینل کے مطابق خاتون کی نشاندہی ابھی نہیں کی گئی ہے لیکن انہوں نے ایف بی آئی کو پیٹس براؤن کے ساتھ گزشتہ جمعہ کی شام ہونے والی آئندہ ملاقات کے بارے میں بتا دیا تھا اور یوں جب پیٹس براؤن ملاقات کے لئے پہنچے تو ایف بی آئی کے اہلکاروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے مطابق پیٹس براؤن کو نیویارک میں حراست میں رکھا گیا ہے لیکن انہیں سنسناٹی بھیج دیا جائے گا تاکہ ان کے خلاف فراڈ کے الزامات کے تحت کارروائی کا آغاز کیا جا سکے۔ ایک روزنامہ کے مطابق پیٹس براؤن سنسناٹی سٹی سنٹر میں واقع نوے برس پرانے تھیٹر کی تعمیر نو اور بحالی کے ناکام منصوبے کے سلسلے میں مطلوب تھے۔ اطلاعات کے مطابق اس منصوبے میں شہر کو ایک لاکھ اسی ہزار ڈالر کا نقصان ہوا اور ایف بی آئی نے اخبار کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ پیٹس براؤن کو دیئے گئے نوے ہزار ڈالر غائب ہو گئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||