| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
گُوگل کی سالگرہ
انٹرنیٹ پر تلاش کے لیے استعمال کیا جانے والا دنیا کا مشہور ترین سرچ انجن ’گُوگل‘ اب پانچ برس کا ہو گیا ہے۔ روزانہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ گوگل ویب سائٹ کی وساطت سے اسّی سے زائد زبانوں میں سرچ کے ذریعے اپنی من چاہی معلومات حاصل کرتے ہیں۔ صارفین کی اس قدر بڑی تعداد کے اعتبار سے گوگل، دنیائے انٹرنیٹ کا ایک بہت بڑا نام بن گیا ہے۔ گوگل کی ویب سائٹ کا پہلا دفتر، کیلیفورنیا کے مقام میلنو پارک میں سات ستمبر انیس سو اٹھانوے کو ایک گیراج میں قائم کیا گیا تھا۔ میلنو پارک میں دفتر کا قیام سرمایہ کاروں، اہلِ خانہ اور دیگر دوست احباب سے حاصل ہونے والے دس لاکھ ڈالر کے فنڈ سے عمل میں آیا۔
اُس وقت گوگل کے ملازمین کی تعداد صرف چار تھی اور ایک روز میں سائٹ پر صرف دس ہزار اطلاعات ہی حاصل کی جا سکتی تھیں لیکن اب اس کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار ہے اور یہ سرچ انجن روزانہ بیس کروڑ سوالات کی تفصیلات مہیا کر رہا ہے۔ گوگل کے ذریعے معلومات کے حصول کی سہولت کے علاوہ روز مرہ کی خبریں، خریداری اور دیگر کئی سہولیات سے مستفید بھی ہوا جا سکتا ہے۔ سٹینفورڈ یونیورسٹی میں ڈاکٹریٹ کے طلباء سرگی برِن اور لیری پیج نے گوگل کی تشکیل انجام دی اور ابتداء میں اس سرچ انجن کا نام بیک رب رکھا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |