انڈیا: بچے کے چہرے پر نئی ناک کا آپریشن کامیاب

،تصویر کا ذریعہs niazi
انڈیا میں ڈاکٹروں نے ایک 12 سالہ بچے کے چہرے پر نئی ناک کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
ارون پٹیل کی ناک کو بچپن میں بری طرح نقصان پہنچا تھا۔انھیں پیدا ہونے کے تھوڑے عرصے بعد نمونیا ہوگیا تھا جس کے بعد انفیکشن سے ان کی ناک کی ہڈی کو کافی نقصان پہنچا جسے ڈاکٹر ٹھیک نہ کر پائے۔
اسی طرح کا آپریشن چین میں سنہ 2013 میں بھی کیا گیا تھا جب ایک شخص کی ناک کو ٹریفک حادثے میں شدید نقصان پہنچا تھا۔
انھیں پھر ایک نئی ناک فراہم کی گئی تھی۔
ارون کو نمونیا ہونے پر ان کے والدین انھیں ملک کی مرکزی ریاست مدھیہ پردیش میں واقع اپنے دیہات کے ڈاکٹر کے پاس لے گئے تھے۔
لیکن ان کے علاج کے دوران ان کی حالت بگڑ گئی اور ان کے ٹشو کو مزید نقصان پہنچنے کی وجہ سے وہ اپنی ناک کھو بیٹھے۔
ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد اندور کے شہر کے ڈاکٹروں نے ارون کو ایک نئی ناک دینے کے لیے چار مرحلوں میں ان کی پلاسٹک سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔

،تصویر کا ذریعہs niazi
ارون کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر اشونی داش نے بی بی سی ہندی کے نامہ نگار ایس نیازی کو بتایا کہ ’وہ پر اعتماد ہیں کہ ارون کی نئی ناک ان کے دیگر اعضاء کی طرح ہی کام کرے گی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید کہا کہ ارون کا مکمل آپریشن کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگا۔
ان کے آپریشن کے پہلے مرحلے میں سلیکا سے بنا ’ٹشو اکسپینڈر‘ ان کے ماتھے پر لگایا گیا تاکہ ایک نئی ناک کے اگنے کی جگہ بن سکے۔
اس کے بعد ان کے ریشے کو اگانے کے لیے ان کے ماتھے میں خصوصی کیمیکلز انجیکشن سے ڈالے گئے۔
آپریشن کے دوسرے مرحلے میں ارون کی چھاتی سے ٹشو نکالا گیا جسے ان کے ماتھے میں ڈال دیا گیا۔ یہ ٹشو تین مہینوں میں اگ کر ایک ناک کی شکل میں آگیا۔
ارون کے آپریشن کے تیسرے مرحلے میں ڈاکٹروں نے ان کے ماتھے سے ناک اتار کر ان کے چہرے پر امپلانٹ کیا۔
چوتھے اور آخری مرحلے میں ان کے ماتھے کو ٹھیک کیا گیا۔







