دہشت گردی کا خطرہ، صارفین کو مطلع کرنے کی ایپ

،تصویر کا ذریعہAFP

فرانس کی حکومت نے ایک موبائل ایپلیکیشن جاری کی ہے جس کے ذریعے دہشت گردی کی صورت میں عوام کو متنبہ کیا جا سکے گا۔

یہ ایپلیکیشن فرانس میں جمعہ سے شروع ہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ یورو 2016 سے قبل لانچ کی جا رہی ہے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے ’اس ایپ کے ذریعے کسی بھی حملے کی صورت میں اس علاقے کے آس پاس افراد کو مطلع کیا جائے گا۔‘

فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ایپ نومبر میں پیرس میں ہونے والے حملوں کے بعد تیار کی گئی۔ واضح رہے کہ پیرس حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

برطانوی دفتر خارجہ نے منگل کو متنبہ کیا تھا کہ سٹیڈیم، شائقین کے ہجوم اور ٹرانسپورٹ کی جگہ پر ممکنہ طور پر حملہ کیے جا سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق صارفین آٹھ مختلف جغرافیائی زونز میں ایمرجنسی الرٹ حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

الرٹ کے ذریعے صارفین کو مختصر طور پر مطلع کیا جائے گا کہ کہاں کیاں ہوا ہے اور محفوظ رہنے کے لیے کیا کریں۔

میٹرو نیوز کے مطابق یہ الرٹ بے آواز ہوں گے اور نہ ہی فون وائبریٹ ہو گا تاکہ اگر کوئی صارف چھپا ہوا ہے تو اس کی جگہ کی نشاندہی نہ ہو سکے۔

حکومت نے زور دیا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کا تحفظ کیا جائے گا۔

اس ایپ کو بعد میں سیلابوں اور دیگر ایمرجنسی صورتحال میں صارفین کو مطلع کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔