زکربرگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیکرز کا ہدف

،تصویر کا ذریعہDPA
ہیکرز نے دنیا میں سماجی روابط کی سب سے بڑی اور مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو نشانہ بنایا ہے۔
اتوار کو زکربرگ کے انسٹاگرام، ٹوئٹر، لنکڈان اور پنٹریسٹ جیسی سوشل میڈیا سروسز کے اکاؤنٹس ہیکروں کے حملے کا نشانہ بنے۔
اورمائن نامی ایک ہیکر گروپ نے ان سائبر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اس گروپ نے زکربرگ کے اکاؤنٹس کو نشانہ بنانے کا اعلان ٹوئٹر پر کیا اور زکربرگ سے کہا کہ وہ ان سے رابطہ کریں۔
ٹوئٹر پر پیغام میں گروپ نے فیس بک کے بانی کو مخاطب کر کے کہا کہ ’ہم نے آپ کے ٹوئٹر، انسٹاگرام اور پنٹریسٹ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ ہم صرف آپ کی سکیورٹی کا جائزہ لے رہے تھے۔ ہمیں ڈی ایم( ڈائریکٹ میسج) بھیجیں۔‘
مارک زکربرگ کے مبینہ طور پر ہیک کیے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے سکرین شاٹس بھی منظرِ عام پر آئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہENGADGET
زکربرگ نے اس اکاؤنٹ سے سنہ 2012 کے بعد سے کوئی ٹویٹ نہیں بھیجی۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ سنہ 2012 میں ہی لنکڈان سے چوری کی جانے والی معلومات اس سائبر حملے کی وجہ بنیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ماہ ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ لنکڈ ان کے 117 ملین یوزر نیم اور پاس ورڈ چار برس قبل چرا لیے گئے تھے اور انھیں ڈارک ویب پر پانچ بٹ کوائنز کے عوض فروخت کیا گیا ہے۔
اس بات کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی کہ زکربرگ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک ہوا تھا یا نہیں۔ انسٹا گرام سروس فیس بک کی ہی ملکیت ہے۔
زکربرگ کے انسٹاگرام سے اب تک صرف 30 تصاویر ہی پوسٹ کی گئی ہیں تاہم اس کے چھ لاکھ سے زیادہ فالوئرز ہیں۔







