چینی کمپنی کو آئی فون کا نام استعمال کرنے کی اجازت

،تصویر کا ذریعہGetty
معروف بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل چین میں آئی فون کے ٹریڈ مارک کا مقدمہ ہار گئی ہے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ چین میں ہینڈ بیگ اور چمڑے کی دوسری مصنوعات بنانے والی کمپنی شنتونگ ٹیاندی آئی فون ٹریڈ مارک کا استعمال کرتی رہے گی۔
سرکاری اخبار لیگل ڈیلی کے مطابق بیجنگ میونسپل ہائی پیپل کورٹ نے شنتونگ کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔
خیال رہے کہ شنتونگ نے چین میں سنہ 2010 میں اپنی چمڑے کی مصنوعات کے لیے آئی فون نامی ٹریڈ مارک حاصل کیا تھا۔ جبکہ ایپل نے اس نام کا انتخاب سنہ 2002 میں الیکٹرانک مصنوعات کے لیے کیا تھا لیکن اسے سنہ 2013 تک منظوری نہیں مل سکی تھی۔
لیگل ڈیلی میں یہ رپورٹ اپریل کے اواخر میں شائع ہوئی تھی لیکن بعد میں اس کی زیادہ تشہیر ہوئي۔
شنتونگ آئی فون ٹریڈ مارک کے ساتھ ہینڈ بیگ، موبائل فون کے ڈبے اور چمڑے کی دوسری مصنوعات فروخت کرتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سب سے پہلے سنہ 2012 میں ایپل نے چین میں ٹریڈ مارک کے حکام کے پاس اس کی شکایت کی لیکن وہاں ناکام ہونے پر اس نے بیجنگ کی ایک ذیلی عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔
لیکن دونوں عدالتوں نے ایپل کے خلاف فیصلہ سنایا، جس کے بعد اس نے اعلیٰ عدالت میں اپیل کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہائی کورٹ نے کہا کہ شنتونگ کمپنی نے جب سنہ 2007 میں اس ٹریڈ مارک کے لیے درخواست دی تھی اس وقت ایپل کا یہ ٹریڈ مارک چین میں بہت معروف نہیں تھا۔
ایپل کا فون پہلی بار چین میں سنہ 2009 میں فروخت کے لیے پہنچا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ایپل کی حالیہ سہ ماہی میں آئی فونز کی اس کی آمدنی میں تقریبا 13 فی صد کی کمی آئي ہے جبکہ چین میں اس کی فروخت میں 26 فی صد کی کمی واقع ہوئی ہے۔







