قدیم ڈی این اے سے ارمادیلو کے آباؤاجداد کی نشاندہی

،تصویر کا ذریعہ.
12 ہزار برس قدیم ڈی این اے پر تحقیق کے نتائج سے یہ پتہ چلا ہے کہ آج کے دور کے ارمادیلو کا شجرہ برف کے آخری دور تک جنوبی امریکہ میں پائے جانے والے سخت استخوانی پشت اور نوکیلی دموں والے دیوقامت جانور سے ملتا ہے۔
ارمادیلو وسطی اور جنوبی امریکہ میں پایا جانے والا ایک ممالیہ جانور ہے جو کیڑے مکوڑے کھاتا ہے اور اس کی کھال سخت اور ہڈیوں کے خول سے ڈھکی ہوئی ہوتی ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گلپٹوڈونٹس نامی وہ دیوقامت جانور کروڑوں سال قبل جنوبی امریکہ میں پائے جاتے تھے اور ان میں سے کچھ تو ایک گاڑی جتنے بڑے ہوتے تھے۔
ان کی وضع قطع سے تو پہلے ہی ان تعلق ارمادیلو سے جوڑا جاتا رہا ہے تاہم اب سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک رشتہ دار گروپ نہیں بلکہ اسی خاندان کا حصہ تھے۔
فرانس کی ماؤنٹ پلیئر یونیورسٹی سے منسلک ڈاکٹر فریڈرک دلسچ کا کہنا ہے کہ گلپٹوڈونٹس کو بہت بڑے جثے والے ارمادیلو کی ’سب فیملی‘ سمجھا جانا چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ڈاکٹر دلسچ اور ان کے ساتھیوں نے ارمادیلو کے آباؤ اجداد کے ڈی این اے سیکوئنس کی مکمل تشکیلِ نو کے لیے کمپیوٹر پروگرام کی مدد لی۔
اس سے پتہ چلا کہ نہ نمونہ کسی عام گلپٹوڈونٹ کا نہیں تھا بلکہ یہ ڈی این اے ڈیوڈیکورس کا تھا جو اس خاندان کا سب سے قوی الجثہ جانور ہوا کرتا تھا۔ اس کی لمبائی چار میٹر اور وزن ڈیڑھ ٹن کے لگ بھگ ہوتا تھا۔
یہ سبزی خور دیوقامت جانور وقت کے ساتھ ساتھ حجم میں بڑے ہوتے رہے یہاں تک کہ دس ہزار سال قبل برف کے آخری دور کے خاتمے سے قبل ناپید ہوگئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تحقیقاتی رپورٹ کے شریک مصنف اور کینیڈا کی میکماسٹر یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محقق ہینڈرک پوئینار نے کہا ہے کہ گلپٹوڈونٹس ارمادیلو کے ساڑھے تین کروڑ برس پہلے تک جانے والے شجرے کی ایک گمشدہ کڑی تھے جو اب دریافت ہوئی ہے۔







