آئی فون پر ’ایرر 53‘ کے بعد ایپل معذرت خواہ

ایپل نے ان صارفین کے لیے ایک نیا سافٹ ویئر اپڈیٹ فراہم کیا ہے

،تصویر کا ذریعہreproducao

،تصویر کا کیپشنایپل نے ان صارفین کے لیے ایک نیا سافٹ ویئر اپڈیٹ فراہم کیا ہے

ایپل نے آئی فون استعمال کرنے والے ان صارفین سے معافی مانگی ہے جن کے فون کسی دیگر کمپنی کی جانب سے مرمت کروانے کے بعد بیکار ہو گئے تھے۔

ایپل نے ان صارفین کے لیے ایک نیا سافٹ ویئر اپڈیٹ بھی فراہم کیا ہے۔

ایپل کے بجائے کسی دیگر ٹیکنیشن سے اپنے فون مرمت کروانے کے بعد کچھ صارفین کو ’آئی ٹیونز‘ سافٹ ویئر پر’ایرر 53‘ کا میسج دکھائی دیا تھا جس سے ان کے فون بیکار ہو گئے تھے۔

اس سے پہلے ایپل کا کہنا تھا کہ یہ خرابی لین دین میں دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے ایک ’سکیورٹی اقدام‘ تھا۔

اب کمپنی نے اس خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے ایک سافٹ ویئر اپڈیٹ جاری کیا ہے۔

ایک بیان میں ایپل نے کہا کہ ایرر 53 تب پیش آتا ہے جب آلہ ایک معمول کا سکیورٹی ٹیسٹ مکمل کرنے میں ناکام ہو جاتا ہے جو یہ دیکھنے کے لیے ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ اگر فون پر ٹچ آئی ڈی فنگر پرنٹ سکینر صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے یا نہیں۔

کمپنی نے کہا: ’ہم کسی بھی قسم کی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں، یہ ڈیزائن ہماری فیکٹری میں تجربہ کرنے کے لیے بنایا گیا تھا اور اس کا مقصد صارفین کو متاثر کرنے کا نہیں تھا۔‘

ایپل نے مزید کہا: ’جن صارفین نے وارنٹی ختم ہونے کے بعد اپنے فون کے تبادلے کے لیے ایپل کو مزید رقم دی ہے وہ ہماری ایپل کیئر ڈپارٹمنٹ میں ادائیگی کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔‘

سی سی انسائٹ سے موبائل تجزیہ کار بین وڈ نے کہا کہ ’انھوں نے ایرر 53 کے حوالے سے جو کہا وہ میری سمجھ میں تو آتا ہے۔ اگر آپ اپنی انگلی کے نشان فون پر لگانے سے کچھ حساس ڈیٹا نکال نکال سکتے ہیں یا پھر ادائیگیاں کر سکتے ہیں تو کسی اور کے پاس بھی آپ کے فون کا کنٹرول حاصل کرنے کی صلاحیت بھی حاصل ہو سکتی ہے، جو کہ بالکل بھی ٹھیک بات نہیں ہوگی۔‘