فیس بک پر لائیو سٹریم ویڈیو سروس کا آغاز

آغاز میں فیس بک کا لائیو ویڈیو فیچر امریکہ میں محدود لوگ صرف آئی فونز پر ہی استعمال کر سکیں گے

،تصویر کا ذریعہFacebook

،تصویر کا کیپشنآغاز میں فیس بک کا لائیو ویڈیو فیچر امریکہ میں محدود لوگ صرف آئی فونز پر ہی استعمال کر سکیں گے

سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے صارفین لائیو سٹریم ویڈیوز چلا سکیں گے۔

اس فیچر کو آغاز میں نامور اور مشہور شخصیات چند ماہ کے لیے استعمال کر سکیں گی۔

موبائل فونز کے ذریعے لائیو سٹریمنگ رواں سال ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے بڑا رجحان رہا ہے۔ان میں ٹوئٹر پر پیری سکوپ اور میرکیٹ کافی مشہور ہیں۔

گذشتہ سال ایمزون نے لائیو سٹریمینگ گیم ویب سائٹ ’توئچ‘ کے لیے ایک ارب ڈالر خرچ کیے۔

آغاز میں فیس بک کا لائیو ویڈیو فیچر امریکہ میں محدود لوگ صرف آئی فونز پر ہی استعمال کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ’وقت کے ساتھ ساتھ اس فیچر کو تمام صارفین استمعال کر سکیں گے۔‘ تاہم یہ کب تک ہو سکے گا اس بارے میں کمپنی نے کچھ نہیں بتایا۔

ایک بلاگ کے ذریعے اس فیچر کو متعارف کروانے کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے فیس بک کا کہنا تھا کہ ’اس فیقر کے ذریعے آپ اپنے پیاروں کو ہر وقت اپنے سامنے دیکھ سکیں گے۔ چاہے کھانا پکاتے ہوئے، کسی نئی جگہ کی سیر کرتے ہوئے یا پھر اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے۔‘

اس فیچر کے ذریعے لائیو صارفین کی فہرست دکھائی دے گی، جس پر دوستوں کے نام اور جو وہ لکھ رہے ہیں وہ نظر آئے گا۔ ویڈیو بعد میں صارف کی ٹائم لائن پر محفوظ رہے گی جب تک صارف اسے خود ہٹا نہ دیں۔