امریکہ میں نایاب شمالی سفید گینڈے کی موت

دنیا میں باقی جانے والے آخری چار نایاب شمالی سفید گینڈوں میں شامل مادہ ’نولا‘ امریکہ کے چڑیا گھر میں مر گئی ہے۔

یہ رواں سال کسی سفید گینڈے کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جولائی میں جمہوریہ چیک کے ایک چڑیا گھر میں نابیر نامی مادہ فوت ہوگئی تھی۔

41 سالہ ’نولا‘ کی موت امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سان ڈیاگو سفاری پارک میں میں ہوئی۔

اس سفید گینڈے کی دیکھ بھال کرنے والے ملازمین کے مطابق نولا کی حالت ایک آپریشن کے بعد تیزی سے خراب ہوئی تھی۔

قدرتی ماحول میں بسنے والے شمالی سفید گینڈے کی نسل سنہ 2008 میں معدوم قرار دے دی گئی تھی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنقدرتی ماحول میں بسنے والے شمالی سفید گینڈے کی نسل سنہ 2008 میں معدوم قرار دے دی گئی تھی

اس کی موت کے بعد اب دنیا میں صرف تین سفید گینڈے رہ گئے ہیں جو کینیا کے اول پیجاتا سفاری پارک میں موجود ہیں۔

قدرتی ماحول میں بسنے والے شمالی سفید گینڈے کی نسل سنہ 2008 میں معدوم قرار دے دی گئی تھی۔

سنہ 2009 میں ایسے چار سفید گینڈوں کو کینیا اس امید کے ساتھ منتقل کیا گیا تھا کہ قدرتی ماحول افزائشِ نسل میں مددگار ثابت ہو گا لیکن یہ حربہ بھی کارآمد ثابت نہ ہوا۔

اب دنیا میں باقی رہ جانے والے تین شمالی سفید گینڈوں میں جہاں دو مادہ قدرتی طور پر ہی بچے پیدا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں وہیں نر گینڈے کا مادۂ منویہ بھی معیاری نہیں۔

واضح رہے کہ شکار اور سکڑتی ہوئیں آماجگاہوں کے باعث گزشتہ کئی برسوں سے اس گینڈے کی نسل کے خاتمے کا خطرہ ہے۔