آپ سوتے ہوئے بھی کینسر کے علاج میں مدد دے سکتے ہیں

،تصویر کا ذریعہThink Stock
اگر آپ اپنے سمارٹ فون پر ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنے گھر یا فون کی انٹرنیٹ سروس عطیے میں دیں تو آپ کا فون کینسر کا علاج ڈھونڈنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
’ڈریم لیب‘ ایپ آپ کے سمارٹ فون کی کمپیوٹنگ پاور استعمال کرتی ہے جو سائنس دانوں کو چھاتی، بیضہ دانی، پروسٹیٹ غدود، یا لبلبے کے کینسر کی تحقیق میں کام آتے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہزار لوگ اس ایپ کا استعمال کریں تو وہ سرطان کی تحقیق میں استعمال ہونے والے شماریاتی عمل کو اِس کی موجودہ رفتار سے 30 گنا زیادہ تیز کر سکتے ہیں۔
اس وقت یہ ایپ صرف اینڈروئڈ فونز میں دستیاب ہے لیکن اسے آئی فون کے لیے بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہThink Stock
اس منصوبے کے خالقوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت جب لوگ سوتے ہیں تو لاکھوں سمارٹ فونز ’بےکار‘ ہو جاتے ہیں۔ ان فونز کی پراسیسنگ کی صلاحیت کو استعمال کرنے کا یہ بہترین وقت ہوتا ہے۔
یہ منصوبہ آسٹریلیا میں مقیم ’گاروان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ریسرچ‘ نے شروع کیا ہے لیکن دنیا میں کوئی بھی شخص اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صارفین اس تحقیق کو یا تو اپنے موبائل نیٹ ورک کی سروس کے ذریعے توانائی دے سکتے ہیں یا پھر گھر میں دستیاب اپنی وائی فائی سروس سے۔
اس ایپ میں یہ بھی صلاحیت ہے کہ اگر کسی صارف کے فون پر انٹرنیٹ ختم ہو جاتا ہے تو یہ خود بہ خود رک جاتی ہے تاکہ ان کے انٹرنیٹ کا بل زیادہ نہ آئے۔
گاروان انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر وارن کیپلان نے کہا کہ کہ ان کی تحقیقات کے لیے ’اتنی زیادہ کمپیوٹنگ کی توانائی کی ضرورت ہو گی کہ اس پر یا تو بہت پیسے لگیں گے یا پھر بہت زیادہ سال صرف ہو سکتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’ڈریم لیب ایپ کے ذریعے ہمیں مسلسل چلتے ہوئے سپر کمپیوٹر تک مفت رسائی فراہم ہو جاتی ہے جس سے ہماری کینسر کی تحقیق مزید تیز ہو سکتی ہے۔‘
سائنس کی تحقیق میں شہریوں کی مدد پہلی دفعہ نہیں دیکھی گئی، بلکہ مالی امداد کے لیے کئی ضرورت مند تحقیقی ادارے اکثر رضاکاروں سے مدد لیتے ہیں۔







