سام سنگ نے دو نئے سمارٹ فون متعارف کروا دیے

ان دنوں موبائل فون کے سکرین 5.7 انچ لمبی ہے جو گذشتہ ماڈل کے مقابلے میں 0.6 انچ بڑی ہے

،تصویر کا ذریعہSamsung

،تصویر کا کیپشنان دنوں موبائل فون کے سکرین 5.7 انچ لمبی ہے جو گذشتہ ماڈل کے مقابلے میں 0.6 انچ بڑی ہے

ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے دو نئے سمارٹ فون گیلکسی ایس 6 ایج پلس اور گلیکسی نوٹ 5 متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جو رواں ماہ ہی فروخت لیے پیش کیے جائیں گے۔

ان دنوں موبائل فونوں کی سکرین 5.7 انچ کی ہے جو گذشتہ ماڈل کے مقابلے میں اعشاریہ چھ انچ بڑی ہے۔

نئے موبائل فونز کے کنارے دھات کے ہیں جب کہ ان کا پچھلا حصہ شیشے کا ہے۔

یہ فون ایک ایسے وقت پر لانچ کیے جا رہے ہیں جب سام سنگ کو گذشتہ پانچ سہ ماہیوں سے منافعے میں کمی کا سامنا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین میں بننے والے قدرے کم قیمت موبائل فون اور اپیل کے بڑی سکرین والے آئی فون کے ماڈل سے سام سنگ کے سمارٹ فونز کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔

سام سنگ کے فونز کی مانگ میں کمی کے باوجود سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں سب سے زیادہ حصہ سام سنگ کا ہے۔

کمپنی نے نئے ماڈل کے فونز کی لانچنگ کا اعلان نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

،تصویر کا ذریعہSamsung

سام سنگ نے بتایا کہ سمارٹ والٹ سروس ’سام سنگ پے‘ جنوبی کوریا میں 20 اگست سے شروع ہو رہی ہے۔ ’سام سنگ پے‘ کی مدد سے فون کے ذریعے تمام ادائیگیاں کی جا سکتی ہیں۔

یہ سروس امریکہ میں سام سنگ کے صارفین کے لیے 28 ستمبر سے شروع ہو گی۔ البتہ دوسرے ملکوں میں اس کے آغاز کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی کا کہنا ہے کہ فی الحال وہ نوٹ 5 یورپ میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارداہ نہیں رکھتی۔ کمپنی کے مطابق ’یہ مکمل طور پر کاروباری فیصلہ ہے۔‘

فون میں اضافی میموری ہے اور 4 جی بی ریم کی مدد سے بیک وقت بہت سے کام کیے جا سکیں گے۔

فون میں گوگل کا آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ 5.1 ہے۔

نئے فونز مارکیٹ میں 21 اگست سے فروخت لیے پیش کیے جائیں گے۔