جرمنی میں روبوٹ نے 22 سالہ کنٹریکٹر کو ہلاک کر دیا

 ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا

جرمنی کی کار ساز کمپنی واکس ویگن کے مطابق اس کے ایک پیداواری یونٹ میں روبوٹ نے ایک کنٹريکٹر کو ہلاک کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق واکس ویگن کے ترجمان ہیکو ہلوگ نے بتایا ہے کہ واقعہ پیر کو جرمن شہر فرینکفرٹ سے شمال کی جانب ایک سو کلومیٹر دور واقع بوناٹال کے پلانٹ میں پیش آیا۔

انھوں نے کہا کہ 22 سالہ کنٹریکٹر اس ٹیم کا حصہ تھا جو یونٹ میں ساکت روبوٹ نصب کر رہی تھی کہ اس دوران ایک روبوٹ نے انھیں دبوچ کر ایک دھاتی چادر سے دے مارا جس سے وہ ہلاک ہو گئے۔

ہیکو ہلوگ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا اور روبوٹ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں تھا کیونکہ اسمبلنگ لائن میں نصب روبوٹس ان میں درج پروگرام کے تحت مختلف کام سرانجام دیتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ روبوٹس پلانٹ کے ایک مخصوص حصے تک ہی محدود ہوتے ہیں اور یہ آٹو پارٹس یا کاروں کے پرزے پکڑ کر انھیں جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔

واکس ویگن کے ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت ایک اور کنٹریکٹر وہاں موجود تھا لیکن اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ہیکو ہلوگ نے اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا اور ہلاک ہونے والے کنٹریکٹر کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

جرمنی کی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کا کہنا ہے کہ استغاثہ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اس واقعے میں آیا الزام عائد کیا جائے مگر اس میں ایک مشکل یہ بھی کہ کس کے خلاف۔