پروفیسر سٹیون ہاکنگ ’ریتھ لیکچرز‘ پیش کریں گے

ممتاز سائنس دان پروفیسر سٹیون ہاکنگ بی بی سی کے پروگرام ریتھ لیکچرز میں اس سال ’بلیک ہولز‘ پر بات کریں گے۔
پروفیسر ہاکنگ کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان کے لیکچر کو سن کر لوگوں میں سائنس سے متعلق دلچسپی بڑھے گی۔
پروگرام میں لوگوں کی جانب سے بھیجے گئے سوالات کے جواب بھی دیے جائیں گے۔
پروفیسر ہاکنگ کا کہنا ہے کہ ’میں بلیک ہولز کی قابلِ قدر خصوصیات کا ذکر کروں گاجیسے کہ کچھ چھوٹے بلیک ہولز دراصل چمکدار ہوتے ہیں۔‘
انھوں نے کہا: ’ہمیں سائنس کی ان غیرمعمولی کہانیوں کو بتانے سے کھبی نہیں رکنا چاہیے اور میں امید کرتا ہوں کہ میرے لیکچر سے نئی نسل میں ایسے خیالات اجاگر کرنے کے لیے حوصلہ افزائی ہوگی جو ہمیں اس دنیا کو سمجھنے میں مدد گار ثابت ہوں گے اور وہ دریافت کے عمل سے کبھی نہیں گھبرائیں گے۔‘
واضح رہے کہ بی بی سی کا پروگرام ریتھ لیکچر سنہ 1948 میں شروع ہوا تھا اور سب سے پہلے پروگرام میں فلسفی برٹرینڈ رسل نے گفتگو کی تھی۔
اس پروگرام میں نوبل انعام یافتہ سیاستدان آنگ سان سوچی، ممتاز سرجن اتل گوانڈے اور معروف مصور گریسن پیری سمیت کئی نامور شخصیات شرکت کر چکی ہیں۔
ریتھ لیکچر پروگرام کو بی بی سی ریڈیو فور پر نشر کیا جاتا ہے اور پروفیسر ہاکنگ کا لیکچر اس موقعے پر نشر کیا جا رہا ہے جب بی بی سی ریڈیو فور البرٹ آئن سٹائن کے نظریۂ اضافت کی 100ویں سالگرہ منانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پروفیسر ہاکنگ کے اس پروگرام میں شرکت کا اعلان ریڈیو فور کے کنٹرولر گنتھ ویلیمز نے بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹونی ہال کی موجودگی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔
اس موقعے پر انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پروفیسر ہاکنگ کے لیکچر والی اقساط بھی پروگرام کی گذشتہ اقساط کی طرح بی بی سی کے سامعین میں مقبول ہوں گی۔







