دنیا کی پہلی’کلونڈ‘ اونٹنی حاملہ ہو گئی

،تصویر کا ذریعہAFP
دبئی میں سائنس دانوں کےمطابق دنیا کے پہلی کلون کی گئی اونٹنی اب حاملہ ہے۔
انجاز نامی اس اونٹی کو، جس کے معنی کامیابی کے ہیں‘ سنہ 2009 میں ذبح کیے گئے ایک اونٹنی کے بیضے سے حاصل کردہ خلیوں سے بنایا گیا تھا۔ جس نے ایک دوسری ماں کی کوکھ میں نشو و نما پائی۔
بدھ کو یہ اونٹی چھ برس کی ہوگئی اور اب خود بھی ماں بننے والی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے’ریپروڈکٹیوو بائیوٹیکنالوجی سینٹر‘ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار وانی کا کہنا ہے کہ ’اس اونٹنی میں قدرتی طریقے سے حمل ٹھہرا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہیں کلون کیے گئے اونٹ اولاد پیدا کرنے کے قابل ہوتے ہیں اور یہ بھی قدرتی طریقے سے تولید کر سکتے ہیں۔ ‘
ڈاکٹر وانی کے مطابق اس سال اونٹنی کے بچے کی پیدائش ہو جائے گی۔
انجاز کی پیدائش کے کچھ دن بعد جب اسے دنیا کے سامنے لایا گیا تو اسے سائنس کی دنیا میں بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس عمل کے ذریعے اونٹ دوڑ میں بھگائے جانے والے اور دودھ دینے والے دونوں طرح کے اونٹوں کے جین ذخیرہ کر کے ان کی آبادی کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
اس کے بعد سے اب تک کئی جانوروں کو جینیاتی کلوننگ کے ذریعے پیدا کیا گیا ہے جن میں اونٹوں کے مقابلہ حسن جیتنے والے اونٹ کے خلیوں سے پیدا کردہ اونٹ بھی شامل ہے۔



