دنیا بھر میں برڈ فلو مہاجر پرندوں کی وجہ سے پھیلتا ہے: تحقیق

،تصویر کا ذریعہ Arun Lakshman
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ دنیا بھر میں برڈ فلو مہاجر پرندوں کی وجہ سے پھیلتا ہے اور انھوں نے متنبہ کیا ہے کہ آنے والے وقت میں یہ وبا عام ہو جائے گی۔
نیدرلینڈز کے محققین کے مطابق برطانیہ کے بطخ فارم میں 2014 میں برڈفلو کی جو خطرناک قسم سامنے آئی تھی وہ روس کے جنگلی پرندوں سے پھیلی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس انسانی صحت کے لیے کوئی خطرہ نہیں تاہم طویل فاصلے تک ہجرت کرنے والے جنگلی پرندوں کی نگرانی ہونی چاہیے۔
H5N8 نامی برڈ فلو گذشتہ برس برطانیہ، روس، مشرقی ایشیا، شمالی امریکہ اور یورپ کے چار ممالک میں سامنے آیا۔ اس وبا سے ہزاروں کی تعداد میں پولٹری فارمز متاثر ہوئے۔
برطانوی علاقے یارکشئر اور ڈریفیلڈ کی بطخیں اس وائرس کا شکار ہوئیں جبکہ ہیمشئر میں H7N7 وائرس پھوٹ پڑا۔ تاہم یہ کم خطرناک تھا۔
نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم کے میڈیکل سینٹر سے منسلک سائنس دانوں نے کہا ہے کہ روس کی جانب ہجرت کرنے والے پرندوں، جنگلی پرندوں اور پولٹری فارم میں H5 وائرس کی موجودگی تشویشناک ہے۔
سائنس نامی جریدے میں ڈاکٹر رون لکھتے ہیں کہ مستقبل میں پولٹری فارمز میں یہ وبا پھیل سکتی ہے خاص طور پر ان ممالک میں جہاں پیشگی طور پر بچاؤ کے لیے کوئی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگرچہ اس وقت انسانی صحت کو برڈ فلو سے کم خطرہ ہے تاہم اس وبا کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ’بہت سی جانوروں کی اقسام جلد اثر قبول کرتی ہیں اور نزلے زکام کے وائرس کے بارے میں پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







