موبائل فون ہائی جیک کر کے تاوان کا مطالبہ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
آسٹریلیا میں انٹرنیٹ ہیکرز کا ایپل موبائل فون ہائی جیک کرنے کے بعد صارفین سے تعاوان کا مطالبہ کرنے کے واقعات میں شدت آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں لوگوں کے ایپل آئی فون ہائی جیک ہونے کے بعد ایک میسج آتا ہے جس میں ’ہائجیکڈ‘ لکھا ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ہی صارفین کو ہیکر کے پے پال اکاؤنٹ میں 100 ڈالر جمع کروانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
موبائل نیٹورکس نے متاثرہ صارفین کو ایپل سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایپل نے ابھی اس مسئلے پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
ماہرین کے مطابق ہیکرز صارفین کے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹس کا پاس ورڈ ہیک کر کے آئی فون کے اندر موجود ’فائنڈ مائی آئی فون‘ یا میرا آئی فون تلاش کریں نامی فیچر کے ذریعے لوگوں کے آئی فون ہیک کر رہے ہیں۔
دوسری طرف پے پال نے جو کہ پیسے جمع کرنے اور آن لائن شاپنگ کے لیے آن لائن اکاؤنٹس کی سہولت فراہم کرتی ہے، بیان جاری کیا ہے کہ متاثر ہونے والے تمام صارفین کی رقوم انھیں واپس کر دی جائیں گی۔
سڈنی مورننگ ہیرلڈ کے مطابق یہ مسئلہ آسٹریلیا کے مختلف علاقوں میں پھیل گیا ہے جیسے کہ کوینزلینڈ، نیو ساوتھ ویلز، ویسٹرن آسٹریلیا، ساوتھ آسٹریلیا اور وکٹوریا۔
تاہم آسٹریلیا سے باہر بھی ایسے حادثوں کی اطلاعات آئی ہیں جیسے کہ لندن جہاں پر ہونے والے واقعہ میں ایک آسٹریلوی شہری ملوث تھا۔
متاثر ہونے والوں نے ایپل کے سپورٹ فورم اور ٹوئٹر پر جا کر ان واقعات کے بارے میں (جس نے آئی فون، آئی پیڈ اور میک لیپ ٹاپ کو متاثر کیا) تفصیل بتائی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انفارمیشن کے سکیورٹی کنسلٹنٹ برائن ہنان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان حملوں کے بارے میں اب تک کم معلومات ہے۔ انھوں نے کہا کہ شک اب تک مختلف لوگوں پر ہے لیکن اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایپل کو جلد اقدامات اٹھانے ہونگے۔







