تین براعظموں میں مکمل اور جزوی سورج گرہن

کینیا میں قبائلی داستانوں کے مطابق سورج گرہن کے وقت چاند سورج کو کھاتا ہے
،تصویر کا کیپشنکینیا میں قبائلی داستانوں کے مطابق سورج گرہن کے وقت چاند سورج کو کھاتا ہے

اتوار کو براعظم افریقہ ، یورپ اور امریکہ کے مختلف علاقوں میں مکمل اور جزوی سورج گرہن کا منفرد نظارہ کیا گیا۔

سورج گرہن سب سے پہلے امریکہ کے جنوبی علاقوں میں نظر آیا اور اس کے بعد بحر اوقیانوس سے ہوتا ہوا افریقہ میں دیکھا گیا۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق مکمل سورج گرہن بحر اوقیانوس کے علاقوں میں دیکھا گیا۔جہاں لائبریا سے جنوب مشرق میں تقریباً تین سو تیس کلومیٹر دور مکمل سورج گرہن ایک منٹ سے زیادہ وقت تک رہا۔

اس کے علاوہ سب سے اعلیٰ نظارہ افریقی ملک کینیا کے شمالی علاقوں میں دیکھنے کو ملا جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا۔

کینیا میں سورج گرہن کے موقع پر کچھ وقت کے لیے تاریکی چھا گئی۔سورج گرہن کینیا سے ہوتا ہوا جنوبی ایتھوپیا اور صومالیہ میں ختم ہو گیا۔

سورج گرہنوں کے موقعوں پر لوگوں کو ہمیشہ احتیاط برنتے کے لیے کہا جاتا ہے
،تصویر کا کیپشنسورج گرہنوں کے موقعوں پر لوگوں کو ہمیشہ احتیاط برنتے کے لیے کہا جاتا ہے

کینیا میں مقامی داستانوں کے مطابق سورج گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند سورج کو کھانا شروع کرتا ہے۔

اس کے علاوہ جزوی سورج گرہن شمالی امریکہ، شمال جنوبی افریقہ امریکہ، جنوبی یورپ، مشرق وسطی اور افریقہ کے سرحدی علاقوں میں دیکھا گیا۔

سورج گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں چکر لگاتے ہوئے زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے جبکہ جزوی سورج گرہن میں چاند مکمل طور پر زمین اور سورج کے درمیان نہیں آتا ہے۔

سورج گرہنوں کے موقعوں پر لوگوں کو ہمیشہ احتیاط برنتے کے لیے کہا جاتا ہے اور یہ منظر دیکھنے کے لیے خاص قسم کے چشمے، دوربینیں اور دوسرے آلات کے استعمال پر زور دیا جاتا ہے۔