ناشتہ دل کی صحت کے لیے مفید

سائنسدانوں کی ایک تحقیق کے مطابق ناشتہ دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
امریکہ میں محققین نے ستائیس ہزار مردوں پر یہ تحقیق کی اور اسے جریدے سرکولیشن میں شائع کیا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق ناشتہ نہ کرنے کی صورت میں دل کی بمیاریوں کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
ہاورڈ سکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنسدانوں کے مطابق ناشتہ نہ کرنے سے جسم پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔
برطانوی ہاٹ فاؤنڈیشن کے مطابق ناشتہ لوگوں کو دوپہر کے کھانے سے پہلے میٹھی چیزیں کھانے سے پرہیز پر مددگار ثابت ہوتا ہے۔
پینتالیس سے بیاسی سال کی عمر کے مردوں کا سولہ سال تک مشاہدہ کیا گیا اور اس دوران پندرہ سو کو دل کا دورہ پڑا یا دل کے رک جانے کے واقعات پیش آئے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق ایسے مردوں میں دل کی بیماری کے ستائیس فیصد کم امکانات ہوتے ہیں جو دن کا آغاز ناشتے سے کرتے ہیں۔تحقیق کے دوران دوسرے معمولاتِ زندگی کو بھی مدِنظر رکھا گیا جس میں تمباکو نوشی اور ورزش شامل تھی۔
تحقیق میں شامل ڈاکٹر لیا کحا کے مطابق’ پیغام یہ ہے کہ صبح اٹھ کر کچھ کھائیں اور پہلے ایک گھنٹے کے اندر یہ کرنا بہترین ہو گا‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ نہ کرنے سے کچھ کرنا اچھا ہوتا ہے اور یہ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے کہ متوازن اور صحت مند غذا استعمال کی جائے‘۔
انہوں نے کہا کہ کھانے کے وقت کا انتخاب بہت اہم ہے۔’ناشہ نہ کر کے دوپہر تک کھانے کا انتظار جسم پر اضافی دباؤ کا سبب بن سکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس سے بلڈ پریشر، موٹاپا اور ذیابیطس ہو سکتی ہے اور یہ عوامل دل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔







