لائیو, رہبرِ اعلیٰ مجتبی خامنہ ای زخمی لیکن محفوظ ہیں، ایرانی صدر کے بیٹے کا دعویٰ

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بیٹے کا دعویٰ ہے کہ ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم وہ ’محفوظ‘ ہیں۔ مجتبی خامنہ ای رہبرِ اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سے منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں۔

خلاصہ

  • دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں
  • امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کی 16 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کرنے کی فوٹیج جاری کر دی ہے۔
  • سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس نے پرنس سلطان ایئر بیس کی جانب جانے والے چھ بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا ہے جبکہ آئل فیلڈ کی طرف اڑنے والے دو ڈرونز کو بھی روک دیا گیا ہے
  • گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی اور امریکی اہداف پر نئے حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے

لائیو کوریج

  1. قطر کا میزائل حملہ ناکام بنانے اور عمان کا ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    قطر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے ’میزائل حملہ‘ ناکام بنا دیا ہے۔

    وزارتِ دفاع کا یہ بیان دوحہ میں زوردار آوازیں سنے جانے کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔

    آج صبح دوحہ میں ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی تھی کہ ایران کی جانب سے اپنی فوجی کارروائیوں کی 35وین لہر کے آغاز کے اعلان کے بعد قطر کی جانب فائر کیے گئے میزائل کو مار گرایا گیا ہے۔

    دوسری جانب، عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک نے ایک ڈرون مار گرایا ہے جبکہ دوسرا سمندر میں گر گیا ہے۔

    عمان نیوز ایجنسی کے مطابق، حکام نے ’بنا کسی انسانی یا مالی نقصان کے‘ کے ڈرون کو مار گرایا ہے۔

  2. ایران کی خطے میں امریکی اور اسرائیلی بینکوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    ایران کی مشترکہ فوجی کمان خاتم الانبیا کے ترجمان نے دھمکی دی ہے کہ ایران خطے میں اسرائیلی اور امریکی بینکوں کو نشانہ بنائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایران میں ایک بینک کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، ابراہیم زلفخری نے خبردار کیا ہے کہ ’خطے کے لوگ بینکوں کے ایک کلومیٹر کے دائرے سے دور رہیں۔‘

    زلفخری کا کہنا ہے کہ ’دشمن نے ہمیں آزادی دے دی ہے کہ ہم امریکہ اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والے اقتصادی مراکز اور بینکوں کو نشانہ بنائیں۔‘

    ایران کے سرکاری نیوز چینل نے بھی خبر دی ہے کہ تہران میں سرکاری سپاہ بینک کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    منگل کو ایرانی خبر رساں اداروں نے خبر دی تھی کہ سپاہ اور ایک اور سرکاری بینک ملی کی خدمات میں کچھ خلل پڑا ہے۔

  3. مشرقی لبنان پر تازہ اسرائیلی حملوں میں سات افراد ہلاک اور 23 زخمی، لبنانی وزارتِ صحت

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشرقی لبنان کی وادی بیکا میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ بیروت سے 45 کلومیٹر مشرق میں واقع گاؤں تیمنین ایٹ طہتہ میں حملے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 18 افراد زخمی ہوئے، جبکہ قریبی گاؤں علی النہری پر حملے میں مزید افراد پانچ زخمی ہوئے۔

    گذشتہ چند گھنٹوں میں، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے چھ دیہاتوں کو وارننگ جاری کی ہے اور لوگوں کو فوری طور پر اپنے گھر خالی کرنے کو کہا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان آویخائے ادرعی کا کہنا ہے کہ ’حزب اللہ کی سرگرمیاں اسرائیلی فوج کو ان کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔‘انھوں نے چھ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو دریائے لیتانی کے شمال کی جانب نقل مکانی کا کہا ہے۔

  4. نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبی خامنہ ای زخمی لیکن محفوظ ہیں، ایرانی صدر کے بیٹے کا دعویٰ

    مجتبیٰ خامنہ ای

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشنمجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی ہلاکت کے بعد ان کی جگہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بیٹے کا دعویٰ ہے کہ ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم وہ ’محفوظ‘ ہیں۔

    یوسف پزشکیان کی جانب سے ٹیلی گرام پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ انھیں بھی ایسی ’اطلاعات ملی ہیں‘ کہ نئے رہبرِ اعلیٰ زخمی ہیں۔

    ’میں نے متعدد دوستوں سے پوچھا جن کے رابطے ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ: ’خدا کے فضل سے، وہ محفوظ ہیں اور پریشانی کی کوئی بات نہیں۔‘

    خیال رہے کہ اس سے قبل بی بی سی نے خبر دی تھی کہ نئے رہبرِ اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں۔

    مجتبی کے والد علی خامنہ ای کی امریکی اور اسرائیلی حملے میں ہلاکت کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا رہبرِ اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔

  5. ڈرون گرنے کے بعد دبئی ایئرپورٹ پر مسافر محفوظ جگہ منتقل, نک بیک، بی بی سی نیوز، دبئی

    متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے کے بعد مسافروںکو محفوظ مقامات پ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ پر موجود ایک مسافر نے بتایا کہ ڈرون گرنے کے بعد مسافروں کو شیشے کی کھڑکیوں سے دور جانے اور زیادہ محفوظ جگہ پر پناہ لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ ہفتے کے روز بھی ایک ڈرون ایئرپورٹ کے ٹرمینل بلڈنگ کے قریب آ کر گرا تھا۔ حکام کے مطابق پروازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

    اس واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک انڈین شہری کو چوٹیں آئیں جبکہ گھانا کے دو شہری اور ایک بنگلہ دیشی شہری معمولی زخمی ہوئے۔

  6. بریکنگ, دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون گرنے سے چار افراد زخمی

    دبئی ایئر پورٹ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    دبئی میڈیا آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون گرنے سے ایک انڈین شہری کو چوٹیں آئی ہیں جبکہ گھانا کے دو شہری اور ایک بنگلہ دیشی شہری معمولی زخمی ہوئے۔

    دبئی میڈیا آفس نے مزید کہا ہے کہ پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

  7. امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی بحری کشتیوں کو تباہ کرنے کی فوٹیج جاری کر دی

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے ان کشتیوں کے دھماکے کی فوٹیج جاری کی

    ،تصویر کا ذریعہUS Central Command

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کی 16 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کرنے کی فوٹیج جاری کر دی ہے۔

    امریکی سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی ایرانی بارودی سرنگ بچھانے والوں کو روکنے کے لیے کی گئی۔

    سینٹ کام کا کہنا ہے کہ منگل کو نشانہ بنائے گئے اہداف میں آبنائے ہرمز کے قریب 16 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیاں شامل تھیں۔

    سینٹ کام کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری فوٹیج میں مختلف سائز کے جہازوں کو پروجیکٹائل لگنے کے بعد دھماکے سے تباہ ہوتے دکھایا گیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے ان کشتیوں کے دھماکے کی فوٹیج جاری کی

    ،تصویر کا ذریعہUS Central Command

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے ان کشتیوں کے دھماکے کی فوٹیج جاری کی

    ،تصویر کا ذریعہUS Central Command

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کی تو اس کی کشتیاں تباہ کر دی جائیں گی۔

    یاد رہے کہیہ راستہ مشرقِ وسطیٰ میں ایک اہم بین الاقوامی تجارتی گزرگاہ ہے جہاں کنٹینر جہاز پہلے بھی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

  8. آبنائے ہرمز میں موجود کارگو جہاز کو آگ لگنے کے بعد خالی کرایا جا رہا ہے

    برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک کارگو جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل لگنے کے بعد خالی کرایا جا رہا ہے۔

    یہ واقعہ عمان کے شمال میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم بتایا گیا تھا کہ اس میں سوار تمام افراد محفوظ رہے۔ ۔

    یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے کہا ہے کہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو ’احتیاط کے ساتھ سفر کرنے‘ کی ہدایت دی گئی ہے۔

    اس سے قبل یو کے ایم ٹی او نے آبنائے ہرمز میں ایک اور واقعے کی اطلاع دی تھی، جس میں ایک کنٹینر جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا تھا۔

  9. ایران کا قطر، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر حملہ: ایرانی سرکاری میڈیا

    یو اے ای

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی سرکاری میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔

    پاسداران انقلاب کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر میں العدید ایئر بیس، کویت میں کیمپ عریفجان اور عراق میں حریر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    آئی آر جی سی کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بڑے پیمانے پر داغے گئے میزائلوں نے خطے میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو بھی نشانہ بنایا اور امریکی فوجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا۔

    ایک علیحدہ بیان میں اسے جنگ کے آغاز سے اب تک کی ’سب سے تباہ کن اور بڑی کارروائی‘ قرار دیا گیا ہے۔

    امریکی حکام نے ان حملوں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

  10. ’ایران گزشتہ تنازع کے مقابلے میں زیادہ ماحولیاتی آلودگی کا سامنا کر رہا ہے‘

    تہران کے شمال مغرب میں اسرائیلی-امریکی فضائی حملے کے ذریعے نشانہ بنائے گئے تیل کے ٹینکوں کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنتہران کے شمال مغرب میں اسرائیلی-امریکی فضائی حملے کے ذریعے نشانہ بنائے گئے تیل کے ٹینکوں کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں

    جنگ ذدہ ایران کے حوالے سے ایسی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ اس وقت ایران کو شدید ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے۔

    خطرات کی نگرانی اور ماحولیاتی نقصانات کا اندازہ لگانے کے ذمہ دار ایرانی ادارے کے ایک اہلکار نے اسنا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ملک کو گزشتہ سال کی 12 روزہ جنگ کے مقابلے میں اس وقت شدید زیادہ ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے،۔

    ایرانی ایجنسی کے اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ماحولیاتی آلودگی امریکی اسرائیلی حملوں کی تعداد میں ’نمایاں اضافے‘ کی وجہ سے ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دھماکوں کے نتیجے میں مرکری جیسے زہریلے مادے پر مشتمل دھول پیدا ہوتی ہے جو مٹی اور آبی آلودگی کا باعث بنتی ہے۔

    انھوں نے وضاحت کی کہ اس آلودگی کے اثرات سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے بڑے مالی بجٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

  11. آبنائے ہرمز کے قریب کنٹینر جہاز پر حملہ، عملہ محفوظ: میری ٹائم مانیٹر برطانیہ

    آبنائے ہرمز

    برطانیہ کے میری ٹائم مانیٹر کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ایک کنٹینر جہاز کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    یہ واقعہ متحدہ عرب امارات کے ساحل سے 46 کلومیٹر (25 سمندری میل) کے فاصلے پر پیش آیا۔

    جہاز کے کپتان نے بتایا ہے کہ جہاز کو نقصان پہنچا ہے تاہم تمام عملہ محفوظ ہے۔ تاحال نقصان کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں اور برطانوی حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    برطانوی بحری امور کے ادارے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے علاقے سے گزرنے والے تمام جہازوں کو ’محتاط رہ کر سفر کرنے‘ کی ہدایت دی ہے۔

  12. سعودی عرب کا آئل فیلڈ کی جانب اڑنے والے ڈرون مار گرانے اور چھ بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ

    سعودی ایئر ڈیفینس

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے مشرقی علاقے میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس کی جانب جانے والے چھ بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔

    سعودی وزارت نے یہ بھی بتایا کہ آج کئی ڈرونز کو بھی ناکام بنایا گیا ہے، جن میں دو شمال مشرقی شہر حفر الباطن میں مار گرائے گئے۔

    سعودی وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق ملک کے جنوب مشرق میں واقع آئل فیلڈ کی طرف اڑنے والے دو ڈرونز کو بھی روک دیا گیا ہے۔

    تاہم بیانات میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ میزائل اور ڈرونز کہاں سے داغے گئے تھے۔

    دوسری جانب بحرین میں بھی سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں۔ یاد رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈ کوارٹر قائم ہے۔

  13. پاسداران انقلاب کا اسرائیل اور امریکی اڈوں پر حملوں کی نئی لہر کا اعلان

    میزائل اور ڈرون حملے

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی اور امریکی اہداف پر نئے حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

    پاسداران انقلاب نے اپنے حالیہ بیان میں ’امریکی اور اسرائیلی فوجی اڈوں‘ پر میزائل اور ڈرون حملوں کی نئی لہر کا اعلان کیا ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایران کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ یہ بمباری اب تک کے تنازع کے دوران ’سب سے شدید اور مہلک‘ تھی،

    بدھ کی صبح تل ابیب پر آسمان میں راکٹ اور پروجیکٹائل کی نئی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔

    دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسیوں نے ’ایرانی میزائلوں‘ کے تل ابیب پر اڑنے اور مار گرانے کی تصاویر اور رپورٹس شائع کیں جن کی ابھی تک آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے

    فارس نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی سعودی عرب کے شہر دمام میں واقع ’امریکی اڈے‘ کو ایرانی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

  14. بیروت پر تازہ اسرائیلی حملے، ’یہ فضائی کارروائی ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے کی‘

    لبنان کے دارالحکومت بیروت پر نئی فضائی کارروائی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیلی فوج نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ اس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر نئی فضائی کارروائی کی ہے۔

    فوج کے مطابق یہ حملے جنوبی بیروت میں ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

  15. جی سیون رہنماؤں کی ملاقات، فرانس اور کینیڈا کا ’باہمی تعاون بڑھانے‘ پر اتفاق

    جی سیون رہنماؤں کی ملاقات

    ،تصویر کا ذریعہReuters/Getty

    فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں آج جی سیون رہنماؤں کی ایک ملاقات کی صدارت کریں گے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے اثرات پر بات کی جا سکے۔

    یہ ملاقات ایک ایسے وقت طے کی گئی ہے جب ایمانوئل میخواں نے منگل کو کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی سے جنگ اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔

    مارک کارنی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ’جی سیون شراکت داروں کے درمیان تعاون بڑھانے‘ پر اتفاق کیا۔

  16. ایران کی 16 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کر دیا: امریکی فوج کا دعویٰ

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے آج آبنائے ہرمز کے قریب ایران کی 16 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ سینٹ کام نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں بظاہر ان کشتیوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سرائیل کی دفاعی افواج نے کہا ہے کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران میں اہداف پر ’اضافی حملوں کی لہر‘ شروع کر دی ہے۔

    اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ افواج نے ایران کی 10 غیر فعال کشتیوں کو تباہ کیا ہے اور وعدہ کیا تھا کہ ان کشتیوں سے "جلدی اور سختی" سے نمٹا جائے گا۔

  17. ایران اسرائیل امریکہ جنگ، گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے پہلے آپ کو ایران، اسرائیل، امریکہ کی حالیہ جنگ میں گزشتہ روز کی چیدہ چیدہ خبروں سے آگاہ کرتے چلیں۔

    • اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایرانی عوام کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھیں آیت اللہ حکومت کو گرانے اور ’اپنی آزادی حاصل کرنے‘ کی اپیل کی گئی ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’آیت اللہ اب نہیں رہے، اور میں جانتا ہوں کہ آپ نہیں چاہتے کہ ان کی جگہ کوئی اور جابر آئے۔ اس لیے آپ کو عمل کرنا ہوگا۔ ہم آپ کے لیے حالات پیدا کر رہے ہیں تاکہ آپ ایسا کر سکیں۔‘۔
    • متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’فضائی دفاعی نظام اس وقت میزائل خطرے کا جواب دے رہا ہے۔‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری تازہ بیان میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کی 10 کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے جو بحری بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ اعلان ابھی سوشل میڈیا پر کیا۔
    • ایران کے اقوامِ متحدہ میں سفیر امیر سعید ایراوانی نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اتوار کو بیروت کے رمادا ہوٹل پر حملے میں چار ایرانی سفارتکاروں کو ہلاک کیا۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ’ایران نے آبنائے ہرمز میں کوئی بارودی سرنگیں بچھائی ہیں‘ تو اس کے نتائج ’ایسے ہوں گے جو پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے‘، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ امریکہ کے پاس اس بارے میں ’کوئی رپورٹ موجود نہیں‘۔
    • روس نے کہا ہے کہ ایران کے شہر اصفہان میں اس کا قونصل خانہ ہفتے کے آخر میں اس وقت متاثر ہوا جب قریب واقع گورنر کے دفتر پر حملے کیے گئے۔
    • امریکہ کے صدر ٹرمپ کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ سے جب صحافیوں نے پوچھا کہ ایران میں جاری جنگ کب تک چلے گی تو انھوں نے جواب دیا کہ ’ابتدائی منصوبہ چار سے چھ ہفتوں کا تھا، جس میں ایران کے میزائل اور بحریہ کو تباہ کرنا، اس کی جوہری صلاحیت ختم کرنا اور اس کے اتحادی گروہوں کو مٹانا شامل تھا۔
    • پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 فروری کو ایران جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 140 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
    • ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سربراہ نے متعدد میڈیا اداروں کو بتایا ایران میں جنگ کے آغاز سے اب تک 19 ہزار سے زائد شہری ’یونٹس‘ کو نقصان پہنچا ہے۔ اس سوسائٹی میں امریکی ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی بھی شامل ہے۔ ان میں سے 16 ہزار سے زائد رہائشی اور تین ہزار سے زیادہ تجارتی یونٹس ہیں۔ نقصان پہنچنے والی سہولتوں میں 77 دواساز اور طبی مراکز، اور 69 سکول بھی شامل ہیں۔
    • ایران کے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے چھ مختلف زبانوں میں جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’آبنائے ہرمز یا تو سب کے لیے امن اور خوشحالی کا باعث ہو گی یا پھر جنگی جنون میں مبتلا لوگوں کے لیے شکست و تکلیف کی وجہ بنے گی۔‘
  18. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں تمام پڑھنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے اثرات سے متعلق بی بی سی نے لائیو کوریج شروع کی ہے۔

    یہاں آپ کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور تہران کے مشرق وسطیٰ میں جوابی حملوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا جبکہ پاکستان کی اہم خبریں بھی شامل کی جائیں گی۔

    اگر آپ 10 مارچ کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔