سگریٹ نوشی: تصاویر والی وارننگ زیادہ مؤثر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ایک امریکی سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ کے پیکٹوں پر تصاویر کے ذریعے دی جانے والی وارننگ زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔
دراصل سگریٹ نوشی سے صحت کو ہونے والے نقصانات کو واضح کر نے کے لیے سگریٹ کے پیکٹ پر وینٹی لیٹر کی مدد سے سانس لینے والے مریض کی تصویر لگائی جاتی ہے۔
امریک جنرل آف پریوینٹیو میڈیسن کی جانب سے 200 لوگوں پر کیے جانے والے اس تجربے سے پتہ چلا ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والے 83 فیصد لوگوں کو پیکٹ پر چھپی یہ تصویر یاد تھی جبکہ تحریری وارننگ صرف 50 فیصد لوگوں کو یاد تھی۔
پینسلوینیا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اینڈریو سٹراس کا کہنا ہے کہ تصاویر کے ذریعے وارننگ دینے سے لوگوں کے دماغ پر زیادہ اثر پڑے گا اور وہ سگریٹ نوشی چھوڑ دیں گے۔
برطانیہ میں حکومت سگریٹ کی پیکنگ کے مسئلے پر غور کر رہی ہےگزشتہ اپریل میں حکومت نے ایک میٹنگ طلب کی تھی جس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ تمباکوں سے بنی اشیاء کو ایک نئی اور مخصوص پیکنگ دی جانی چاہیے۔



