چین: بائیس جعلی ایپل سٹورز کا سراغ

جعلی ایپل سٹورز میں عملے کا یونیفام بھی بلکل اصل ایپل سٹور جیسا ہی تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنجعلی ایپل سٹورز میں عملے کا یونیفام بھی بلکل اصل ایپل سٹور جیسا ہی تھا

چین میں حکام نے صرف ایک شہر میں ایپل کمپنی کے بائیس جعلی سٹورز کا سراغ لگایا ہے۔

کیونمنگ شہر میں حکام نے ان جعلی سٹورز کی دیکھا دیکھی قائم ہونے والے دیگر سٹورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ابتدائی طور پر پانچ جعلی سٹورز ملے تھے ان میں سے دو کو بغیر لائسنس کے مصنوعات فروخت کرنے پر بند کر دیا گیا تھا۔

اب چین کے تجارتی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسے جعلی ایپل سٹورز کا سراغ لگایا ہے جو غیر قانونی طور پر اپیل کا برانڈ اور لوگو یا کمپنی کے مخصوص نشان استمعال کر رہے تھے۔

حکام نے ان جعلی سٹورز کے خلاف تفتیش اس وقت شروع کی جب شہر میں قیام پذیر ایک امریکی شہری نے اس طرح کے ایک سٹور کے بارے میں بلاگ انٹرنیٹ پر پوسٹ کیا تھا۔

امریکی شہری نے بلاگ میں لکھا کہ’ ایک خوبصورت دھوکے یا فریب کا انکشاف کیا ہے جس میں مالکان اصل ایپل سٹور کی سجاوٹ اور ماحول کی نقل کرنے میں کس حد تک چلے گئے ہیں۔‘

ان جعلی سٹورز میں کام کرنے والے عملے کے خیال میں وہ اصل ایپل سٹور میں کام کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنان جعلی سٹورز میں کام کرنے والے عملے کے خیال میں وہ اصل ایپل سٹور میں کام کر رہے ہیں

ان جعلی سٹورز میں نہ صرف اپیل کے سٹاف کی طرح اصل ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں بلکہ گردن میں لٹکے کارڈز بھی اپیل کے ڈیزائن کے تھے۔

اس بلاگ کا دنیا بھر میں تبادلہ ہوا تھا اور اس پر چینی حکام نے شہر میں غیر قانونی جعلی سٹورز کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

کیونمنگ شہر میں انڈسٹری اور کامرس کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیقات سے ایسے سٹورز کا پتہ چلا جو ایپل کے ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

ان دکانوں کو کہا گیا ہے کہ وہ چینی قوانین کے تحت لوگو یا مخصوص علامت کا استعمال ترک کر دیں کیونکہ قانون کے مطابق کسی کمپنی کا لوگو( جو کمپنی کے مخصوص نشان کی طرح لگے یا محسوس ہو‘ اس کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکتا ہے۔

کیونمنگ شہر میں رٹیل کے کاروبار پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ انتطامیہ کو ایک ہاٹ لائن قائم کرنی چاہیے جہاں پر شہری کسی جعلی ایپل سٹور کی موجودگی کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کر سکیں۔