نیپال: کابینہ اجلاس ایورسٹ پر

نیپال کی کابینہ نے ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جمعہ کو اپنا ایک اجلاس کوہ ایورسٹ پر پانچ ہزار دو سو میٹر کی بلندی پر کرے گی۔
کوہ ایورسٹ دنیا کا بلند ترین مقام ہے جس کی چوٹی کی بلندی آٹھ ہزار آٹھ سو پچاس میٹر ہے۔
نیپالی وزراء کا خیال ہے کہ دنیا کا بلند ترین کابینہ کا اجلاس اسی طرح لوگوں کی توجہ حاصل کرے گا جیسے مالدیپ کی کابینہ کے زیر آب اجلاس کو حاصل ہوئی تھی۔
مالدیپ کی کابینہ نے کچھ عرصہ قبل سمندر میں زیر آب اجلاس بلا کر دنیا کی توجہ ماحول کی طرف مبذول کروانے کی کوشش کی تھی۔
نیپالی کابینہ کے ایورسٹ پر اجلاس کے کچھ ہی عرصے بعد ڈینمارک میں ماحول ہی کے موضوع پر ایک عالمی سربراہی اجلاس ہونے جا رہا ہے۔
سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہمالیہ میں درجۂ حرارت جنوبی ایشیا میں سب سے تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سے برفباری میں کمی واقع ہوئی ہے اور گلیشیئر بھی پگھل رہے ہیں۔
کابینہ کے اجلاس کی تیاری میں فوجیوں اور صحافیوں کے علاوہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ضروری سامان بھی کوہ ہمالیہ میں بلندی پر واقع ایک رن وے تک پہنچایا جا رہا ہے۔ یہاں سے تمام لوگ کالیپتر جائیں گے جو پانچ ہزار دو سو میٹر کی بلندی پر ایورسٹ کے بیس کیمپ کے قریب ایک میدان ہے۔
نیپال کے وزیر اعظم اور اکیس وزراء پروگرام کے مطابق جمعہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کالیپتر پہنچیں گے۔ وہاں ان کا بدھ راہب استقبال کریں گے پھر کابینہ کا اجلاس ہوگا جو تیس منٹ جاری رہے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تمام کوشش کے اخراجات کی ذمہ داری نیپال کے نجی شعبے نے اپنے سر لی ہے۔ اس میں سیاحت سے وابستہ لوگ بھی شامل ہیں۔







