خلائی شٹل ڈسکوری تیرہ روزہ مشن پر روانہ

ناسا نے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کے لیے خلائی شٹل ڈسکوری کے ذریعے ایک مشن روانہ کیا ہے جوکہ سات خلاء بازوں پر مشتمل ہے۔
ڈسکوری نے اپنا سفر کینیڈی سپیس سٹیشن سے جمعہ کو گرینج کے معیاری وقت کے مطابق 3 بج کر 59 منٹ پر شروع کیا۔
اس سے قبل دو مرتبہ ڈسکوری کی روانگی کو موسم کی خرابی یا پھر تکنیکی وجوہات کی بنا پر موخر کیا گیا تھا۔
انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کی مرمت کے لیے یہ اب تک کا تیسواں خلائی مشن ہے۔ اس شٹل کے ذریعے آئی ایس ایس کے لیے سائنسی سازو سامان اور ایک فریزر بھیجا جارہا ہے جس میں تحقیق کے لیے جمع کیے جانے والے نمونے محفوظ کیے جاسکیں گے۔
اس میں سونے کے لیے ایک اضافی کمپارٹمنٹ، فضا کی صفائی کا نظام اور ایک ٹریڈ مل بھی ہے تاکہ خلا بازوں کے لیے صحتمندانہ سرگرمیاں ممکن ہوسکیں۔
شٹل اپنی روانگی کے ٹھیک ساڑھے آٹھ منٹ بعد اپنے مدار میں داخل ہوگئی اور توقع ہے کہ اتوار کی رات تک یہ آئی ایس ایس پر پہنچ جائے گی۔
ناسا کا منصوبہ ہے کہ موجودہ خلائی سٹیشن میں چھ منزلوں کا اضافہ کیا جائے۔ڈسکوری کے اس تیرہ روزہ مشن میں تین مرتبہ خلائی چہل قدمی کی جائے گی جس کے دوران شٹل کے مختلف حصوں کی مرمت کی جائے گی۔
شٹل پر موجود امریکی خلا باز نکول سکاٹ آئی ایس ایس پر تین ماہ تک قیام کریں گے جبکہ خلائی سٹیشن پر پہلے سے موجود ٹم کوپرا اس شٹل کے ساتھ زمین پر واپسی کا سفر کتیں گے۔ ٹم کوپرا چھ ماہ سے آئی ایس ایس پر ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







