جنگلات کا کردار خطرے میں

جنگلات
،تصویر کا کیپشنجنگلات میں کمی زہریلی گیسوں کے 20 فیصد اخراج کا باعث ہے

ماہرین جنگلات کا کہنا ہے کہ فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ ختم کرنے میں جنگلات کا کردار ختم ہوتا نظر آتا ہے۔

جنگلات پر تحقیق کرنے والی تنظیم (IUFRO) کے مطابق جنگلات پر موسمیاتی تغیرو تبدل کے نہایت منفی آثار پڑ رہے ہیں۔ تنظیم نے ایک تحقیقاتی رپورٹ بھی مرتب کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر درجہ حرارت ایک مقررہ حد سے 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ جائے تو جنگلات کے درختوں کی فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس خارج کرنے کی شرح بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

اس تنظیم کی رپورٹ اگلے ہفتے نیویارک میں ماحولیات سے متعلق ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں پیش کی جائے گی۔

یہ رپورٹ 35 ماہرین جنگلات اور سائنسدانوں نے مرتب کی ہے۔ رپورٹ میں پہلی مرتبہ عالمی جنگلات کے موسمیاتی تغیر کے مطابق اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی صلاحیت کا اندازہ لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔

جنگلات کے تحقیقاتی ادارے فنش فارسٹ ریسرچ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر رستو سپالا کا کہنا ہے ’ہم جنگلات کو عالمی حدت ختم کرنے کا آلہ کار سمجھتے ہیں۔ تاہم گزشتہ چند دہائیوں کے دوران بڑھنے والے درجہ حرارت کے باعث کئی جنگلات فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑی مقدار خارج کررہے ہیں جس سے ایسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے کہ جنگلات عالمی حدت کو کم کرنے کے بجائے اس میں اضافے کا باعث ہیں۔

سائنسدان امید کررہے ہیں کہ اس رپورٹ کی روشنی میں نیویارک میں ہونے والی کانفرنس کے لیے اچھی بنیاد فراہم کرے گی۔

اب تک ہونے والی ماحولیاتی کانفرنسوں میں جنگلات کم ہونے کے نقصانات پر زور دیا جاتا رہا ہے تاہم یہ حالیہ رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ موسمیاتی تغیر کے جنگلات پر اثرات کے متعلق بھی مزید تحقیق ہونی چاہیئے۔

تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ انسانی سرگرمیوں کے باعث جنگلات میں کمی زہریلی گیسوں کے 20 فیصد اخراج کا باعث ہے تاہم ابھی جنگلات کے کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس خارج کرنے کی شرح ان کے یہ گیس جذب کرنے کی شرح سے کم ہے۔

تاہم یہ امر باعث تشویش ہے کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے سبب یہ توازن بگڑ سکتا ہے۔ یعنی اگر زمین کا درجہ حرارت مزید 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ گیا تو کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج اور جذب کرنے کا جنگلات کا توازن بگڑ جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق خشک سالی، درجہ حرارت میں شدت، جنگلات پر کیڑوں کے حملوں اور دیگر ماحولیاتی تغیر سے جنگلات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

رپورٹ کے اہم نکات یہ تھے:

٭ خشک سالی مستقبل میں بڑھے گی۔

٭ کمرشل استعمال کرنے کی لکڑی پیدا کرنے والے درخت کم ہوں گے۔

٭ موسمیاتی تغیر سے غربت میں اضافہ، عوامی صحت میں میں ابتری اور معاشرتی تنازعات میں اضافہ ہوگا۔