آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
دنیا کی سب سے پسندیدہ خوراک مرغی کے گوشت کو جلد کے ساتھ کھانا ٹھیک ہے؟
اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا میں جانوروں کے گوشت میں کھانے کے لیے سب سے زیادہ مرغی کا گوشت پسند کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ کھائے جانے والا گوشت ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے اندازے کے مطابق سنہ 2021 میں دنیا میں 133 ملین ٹن مرغی کا گوشت کھایا گیا۔
لاطینی امریکہ دنیا کا وہ تیسرا بڑا خطہ ہے جہاں مرغی کا گوشت سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
سنہ 2019 میں یہاں فی کس اوسطاً 32.7 کلو مرغی کا گوشت کھایا گیا۔ برازیل میں یہ تعداد 40.6 کلو اور ارجنٹائن میں 40.4 کلو گرام تھی۔
مرغی کا گوشت خوراک کے لیے اس لیے بھی مقبول ہے کیونکہ یہ عموماً سستا اور چربی میں کم ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال میں مذہبی و معاشرتی مسائل کا سامنا بھی کم ہے۔
مرغی کا گوشت پروٹین سے بھرپور ہے اور وٹامنز اور منرلز کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
اس میں انسانی غذائیت کے لیے فائدہ مند مونو ساچیوریٹڈٹ چربی کی نمایاں سطح بھی ہوتی ہے، جو دل کی صحت اور شریانوں کو فائدہ دیتی ہے۔
مگر اس مقبول خوراک کے استعمال سے متعلق بہت سے شکوک اور غلط عقائد بھی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مثال کے طور پر، یہ خیال کیا جاتا ہے کہ مرغی کی جلد میں بہت زیادہ چربی ہوتی ہے. تو کیا چکن کو جلد کے ساتھ کھانا اچھا ہے یا کھانا پکانے یا کھانے سے پہلے اسے ہٹا دینا چاہیے؟
ارجنٹائن میں میٹ نیوٹریشنل انفارمیشن سینٹر کی ماہر غذائیت ماریا ڈولورس فرنانڈیز پازوس نے بی بی سی منڈو کو بتایا کہ 'مرغی کی جلد میں 32 فیصد چکنائی ہوتی ہے، یعنی ہر 100 گرام جلد میں 32 گرام چربی ہوتی ہے۔'
غذائیت کی ماہر اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ چکن کی جلد میں موجود ان چکنائیوں میں سے، دو تہائی اندسیچوریڈڈ چکنائی ہے جسے ہم 'گڈ فیٹ'کہتے ہیں یہ خون میں کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں۔
اور اس میں ایک تہائی حصہ سیچوریڈڈ فیٹ یا چکنائی کا ہوتا ہے جسے ہم 'بیڈ فیٹ' یا بری چکنائی کہتے ہیں اور یہ انسانی جسم میں بیڈ کولیسٹرول کی سطح بڑھاتی ہے۔
چکن کے گوشت میں بھی چربی کی اتنی ہی مقدار ہوتی ہے۔ لہٰذا، غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ، 'اگر ہم جلد کے ساتھ چکن کھاتے ہیں، تو اس سے چکنائی غذائیت اور کیلوری کی مقدار میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کریں گے۔'
مثال کے طور پر اگر ہم مرغی کے سینے کا بنا جلد کے چھ اونس گوشت کھاتے ہیں تو ہم (امریکی محکمہ زراعت کے غذائیت کے اعداد و شمار کے مطابق ) 284 کیلوریز استعمال کریں گے، جس میں 80 فیصد کیلوریز پروٹین اور 20 فیصد چربی سے آتی ہیں۔
لیکن کیلوریز کی اس تعداد میں اس وقت بہت زیادہ اضافہ ہو جائے گا جب ہم اتنی مقدار کے گوشت کو جلد کے ساتھ کھائیں۔ تب ہم 386 کیلوریز کھائیں گے، جس میں 50 فیصد پروٹین سے اور 50 فیصد چربی یا چکنائی سے حاصل ہوتا ہے۔
اس لیے ماہر غذائیت ڈولورس فرنینڈس کہتی ہیں کہ 'عوام کو سب سے صحت مند اور عمومی تجویز یہ ہے کہ کھانے سے پہلے (جلد) کو ہٹا دیا جائے، تاکہ پلیٹ میں اضافی کیلوریز یا چربی شامل نہ ہو۔'
ان کا مزید کہنا ہے کہ 'ایسے افراد جنھیں کوئی بیماری نہ ہو، ان کا وزن بھی ان کے قد کی مناسبت سے ٹھیک ہو، جسمانی طور پر متحرک ہوں اور ان کی جسمانی ساخت بھی اچھا ہو انھیں ہم یہ تجویز کر سکتے ہیں کہ وہ چکن کی جلد کو کھانا پکانے دوران رہنے دیں اور کھانے سے پہلے اسے ہٹا دیں، کیونکہ گوشت پر جلد کی موجودگی کھانا پکانے کے دوران جلد گوشت کو کم سوکھنے اور رس دار اور مزیدار ہونے میں مدد دے گی۔'
کیا جمے گوشت کو نرم کرنے کے بعد دوبارہ فریز کیا جا سکتا ہے؟
اس بارے میں ماہر غدائیت کا کہنا ہے کہ ' نہیں، چکن کے جمے گوشت جس کو ایک بار نرم کر دیا گیا ہو اسے دوبارہ فریز کرنے کا مشورہ نہیں دیا جاتا۔'
وہ کہتی ہیں کہ 'کھانے کو فریز کرنے کا مقصد اس میں موجود مائیکرو جنزموں کی افزائش کو روکنا ہے۔ لہٰذا خوراک کو پگھلانے سے وہ مائیکرو جنزم دوبارہ بڑھنا شروع کر سکتے ہیں۔'
اور یہ مشورہ ان تمام قسم کے گوشت پر لاگو ہوتا ہے جن کو ڈی فروسٹ کیا گیا ہے۔ انھیں دوبارہ فریز کرنے کا واحد محفوظ طریقہ یہ ہے کہ انھیں پکا کر فریز کیا جائے۔
ماہر غذائیت ڈولورس فرنینڈس کہتی ہیں کہ 'کھانے پکا کر فریز کرنے کے ساتھ ہم اس میں مائیکرو جنزموں کی موجودگی کو ختم کر دیں گے اور اس میں آرگنو لیپٹک خصوصیات اور حفاظت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔'
چکن کو ڈی فروسٹ کرنے کا بہترین طریقہ کون سا ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن کے گوشت کو ڈی فروسٹ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ اسے فریزر سے نکال کر فریج میں رکھنا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ' کمرے کے درجہ حرارت پر چکن کے گوشت کو ڈی فروسٹ کرنے سے ان مائیکرو جنزموں کی نشوو نما میں اضافہ ہو سکتا ہے جن کا ہم نے پہلے ذکر کیا ہے اور یہ گوشت کو خراب کر سکتے ہیں۔'
جبکہ فریج میں ڈی فروسٹ کا عمل تھوڑا آہستہ ہوتا ہے اور پوری مرغی کو نرم ہونے میں 24 گھنٹے بھی لگ سکتے ہیں۔ اس کے لیے ہمیں فریزر سے چکن نکالنے سے قبل ہی تیاری کر لینی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ چکن کے گوشت کو کبھی بھی کمرے کے درجہ حرارت یا گرم پانے میں ڈی فروسٹ یا نرم نہیں کرنا چاہیے۔
کچھ دکانوں پر زرد مائل جبکہ کچھ پر گلابی رنگت کا گوشت کیوں ہوتا ہے، کیا ان میں سے کوئی بہتر ہے؟
ماہرین کے مطابق مرغی کے گوشت کا رنگ اس کی خوراک میں استعمال ہونے والے اناج میں موجود روغن کی بنیاد پر مختلف ہو سکتا ہے۔
مکئی جیسے اناج میں سفید جوار یا گندم، جس کی کم مقدار اس میں شامل ہوتی ہے، کے مقابلے روغن کی زیادہ مقدار ہوتی ہے۔
اور کچھ ممالک میں، صارفین کی ترجیحات کی وجہ سے، گوشت کو زرد رنگ دینے کے لیے عام طور پر پولٹری فیڈ میں قدرتی روغن شامل کیا جاتا ہے۔
لیکن ماہرین غذائیت کے نقطہ نظر سے، ڈولرز فرنینڈز کے مطابق 'پیلے رنگ کے چکن اور سفید گلابی چکن کی خصوصیات اور غذائیت کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ '
یہ بھی پڑھیے
مرغی کے گوشت سے زہر آلود ہونے سے کیسے بچا جائے؟
چکن، جیسا کہ ہم دیکھتے ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ غذائیت سے بھرپور، مقبول اور کھائی جانے والی غذاؤں میں سے ایک ہے، لیکن یہ اکثر 'فوڈ پوائزننگ ' کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہوتا ہے۔
کچا گوشت کیمپائلوبیکٹر بیکٹیریا سے آلودہ ہوتا ہے اور کبھی کبھار سالمونیلا اور کلوسٹریڈیم پرفرینجینز سے بھی آلودہ ہوتا ہے۔
اسی لیے اگر آپ چکن کھاتے ہیں جو ٹھیک سے نہیں پکایا گیا ہے یا اگر آپ کچے چکن یا اس کے جوس سے دیگر کھانے یا مشروبات کو آلودہ کرتے ہیں تو آپ کو فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے۔
یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کا تخمینہ ہے کہ امریکہ میں ہر سال لگ بھگ دس لاکھ لوگ آلودہ مرغی کھانے سے بیمار ہوتے ہیں۔
چکن میٹ نیوٹریشنل انفارمیشن سینٹر کے ماہر کی طرف سے یہ بنیادی تجاویز دی گئی ہیں:
ہر قسم کا کھانا تیار کرنے سے پہلے اور اس کی تیاری کے دوران کئی بار ہمیشہ اپنے ہاتھ دھوئیں، خاص طور پر اگر کچے اور پکے ہوئے کھانے ایک ہی وقت میں سامنے ہوں۔
کراس آلودگی سے بچنے کے لیے: چکن اور دیگر کچے کھانوں کو سنبھالتے وقت، مختلف آلات اور برتن استعمال کریں، اور پکے ہوئے یا تیار کھانے سے پرہیز کریں۔
ہمیں چکن کے گوشت کو کبھی نہیں دھونا چاہیے، کیونکہ یہ اس کے ساتھ، چھڑکنے والے پانی کے ذرات کے ساتھ، کام کی جگہ کو آلودہ کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
چکن کو اچھی طرح پکائیں: چکن کو ہڈیوں اور جوڑوں کے اندر یا اس کے قریب گلابی رنگ سے پاک ہونا چاہیے۔ اگر آپ کے پاس ایک کھانے سے بچا ہوا چکن ہے اور آپ اسے دوسرے کھانے میں کھانا چاہتے ہیں تو اسے دوبارہ گرم کریں۔