ٹیسلا: چابی کے طور پر کام کرنے والی ایپ کا بریک ڈاون، کمپنی کی گاڑیاں پانچ گھنٹے کے لیے ’بند‘ ہو گئیں

Tesla app

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنٹیسلا کی ایپ اس گاڑی کی چابی کے طور پر کام کرتی ہے

امریکہ میں الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی ٹیسلا کے صارفین کو اس وقت ایک بڑا دھچکہ لگا جب اچانک ان کی گاڑیاں بند ہو گئیں۔

ٹیسلا کے دنیا بھر سے صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایت کی کہ جس موبائل ایپ کے ذریعے وہ گاڑی کھولتے اور اسے سٹارٹ کرتے ہیں اس میں خرابی کے باعث وہ اپنی گاڑی کھول ہی نہیں پا رہے۔

واضح رہے کہ ٹیسلا کی ایپ اس گاڑی کی چابی کے طور پر کام کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر جنوبی کوریا سے ایک صارف کی جانب سے اس شکایت کے بعد کمپنی کے مالک اور چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک نے ٹوئٹر پر جواب دیا کہ وہ خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

ٹیسلا استعمال کرنے والے ایک صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’میں گھر سے تقریبا ایک گھنٹے کی مسافت پر پھنس گیا ہوں کیوںکہ میں تو عام طور پر اپنے فون سے ایپ کے ذریعے ہی گاڑی سٹارٹ کرتا ہوں۔‘

یہ بھی پڑھیے

دنیا بھر سے کم و بیش پانچ سو افراد نے ایسی ہی شکایت کی۔

ڈاون ڈیٹیکٹر نامی ٹریکنگ کمپنی کے مطابق صارفین کو تقریبا پانچ گھنٹے تک اس پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ٹیسلا کی ایپ نے کام کرنا شروع کیا۔

اس بڑے بریک ڈاون کے واقعے کے بعد ٹیسلا کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک نے صارفین سے معافی مانگتے ہوئے بیان دیا کہ ان کی کمپنی ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے مستقبل میں ایسا نہ ہو۔