ارتھ فوٹو 2021: بیٹی کو تعلیم دلوانے والے کسان خاندان کی تصاویر نے عالمی مقابلہ جیت لیا

Selamaw, the first person in her family to stay on at school past primary age, her mother Meselech, and finally her father Marco

،تصویر کا ذریعہRosie Hallam

ایک ایتھوپیائی خاندان کے تعلیم کے سفر کا احاطہ کرنے والے ایک تصویری پراجیکٹ نے سنہ 2021 کا ارتھ فوٹو مقابلہ جیت لیا ہے۔

روزی ہالم کی تین تصاویر پر مبنی کہانی ’تعلیم کا حق‘ میں سیلاماو کو دکھایا گیا ہے۔ وہ اپنے خاندان میں پرائمری کے بعد بھی سکول میں داخل رہنے والوں میں سے پہلی لڑکی ہیں۔ اُن کے ساتھ اُن کی والدہ میسیلیچ اور اُن کے والد مارکو کو بھی دکھایا گیا ہے۔

یہ خاندان اپنا پیٹ پالنے کے لیے کھیتی باڑی کرنے والے اُن کسان خاندانوں میں سے ہے جنھوں نے ایک تعلیمی پروگرام میں شرکت اختیار کی ہے۔

اس سیریز نے مقابلے کی ’پیپلز‘ کیٹیگری میں بھی انعام حاصل کیا ہے۔

’صنفی مساوات‘

ہالم کہتی ہیں کہ ’تعلیم بیک وقت بنیادی انسانی حق بھی ہے اور ایک بہترین سرمایہ کاری بھی۔‘

’یہ ترقی کے لیے نہایت اہم ہے اور سماجی بہبود، اقتصادی نشونما اور سلامتی، صنفی مساوات اور امن کی بنیاد ڈالتی ہے۔‘

انگلینڈ کے محکمہ جنگلات اور رائل جیوگرافیکل سوسائٹی نے 55 تصاویر اور چار فلموں کی شارٹ لسٹ میں سے چھ زمروں میں جیتنے والوں کا انتخاب کیا۔

اس مقابلے کا مقصد ہے کہ ماحولیات کے متعلق بہترین تصاویر کو اجاگر کیا جائے، اور دنیا اور اس میں رہنے والوں کے بارے میں گفتگو کو فروغ دیا جائے۔

کیلیفورنیا

،تصویر کا ذریعہEdward Bateman

،تصویر کا کیپشنکیلیفورنیا کے یوسیمائٹ نیشنل پارک کا تھری ڈی پرنٹڈ نمونہ

جگہوں کے زمرے میں ایڈورڈ بیٹمین کی تصویر یوسیمائٹس ہاف ڈوم اِن ونٹر نے انعام حاصل کیا۔

کووڈ پابندیوں کے باعث امریکہ کے یوسیمائٹ نیشنل پارک جانا ناممکن ہے چنانچہ فوٹوگرافر نے یہ منظر اپنے گھر کے کچن میں ہی بنا لیا۔ اُنھوں نے امریکی جیولوجیکل سروے کے جغرافیائی ڈیٹا کی مدد سے اس پورے لینڈ سکیپ کو تھری ڈی پرنٹ کیا اور اپنے کچن کی میز پر سجا لیا۔ ساتھ ہی ساتھ اُنھوں نے مصنوعی دھند پیدا کرنے والی ایک مشین بھی استعمال کی۔

آئس لینڈ

،تصویر کا ذریعہMarkus van Hauten

،تصویر کا کیپشنآئس لینڈ کا جیوتھرمل سپرنگ یا گرم چشمہ

مارکس وان ہاٹین کی تصویر بلیو پول نے ’قدرت‘ کے زمرے میں انعام حاصل کیا۔ اُنھوں نے آئس لینڈ میں ایک بلند سطحِ مرتفع پر واقع ایک پوشیدہ گرم چشمے کی تصویر کھینچی تھی۔

سپین

،تصویر کا ذریعہRoberto Bueno

،تصویر کا کیپشنسپین میں انگوروں کے پہاڑی ڈھلوانوں پر بنائے گئے باغات

روبرٹو بوئینو کی تصویر ’فاریسٹ لائک گارڈن‘ نے ’بدلتے جنگلات‘ کے زمرے میں انعام حاصل کیا۔ اُنھوں نے سپین میں واقع انگور کے باغات کی ہرے بھرے جنگلات کے ساتھ یہ شاندار فضائی تصویر لی جس میں پہاڑوں پر سیڑھیوں کی صورت میں بنائے گئے باغات کا قدرتی ہریالی سے موازنہ کیا گیا ہے۔

گھانا

،تصویر کا ذریعہAntonio Perez

،تصویر کا کیپشنگھانا کے علاقے فوویمہ کی ایک رہائشی۔ اس علاقے کے لوگ سمندری کٹاؤ کی وجہ سے نقصانات اٹھا رہے ہیں
A resident of Fuvemeh, Ghana.

،تصویر کا ذریعہAntonio Perez

A resident of Fuvemeh, Ghana.

،تصویر کا ذریعہAntonio Perez

موسمیاتی تبدیلی کے زمرے میں انتونیو پیریز کی سیریز ’دی سی مووز اس‘ میں مغربی افریقہ میں ساحلی کٹاؤ سے براہِ راست اور بے حد متاثر ہونے والے افراد کی کہانی بیان کی گئی ہے۔

اور پیئرپاؤلو میٹیکا کی مختصر فلم سیمی پلاٹینسک پولیگون کو ویڈیوز کے زمرے میں ایوارڈ ملا۔ اُنھوں نے سرد جنگ کے دوران ہتھیاروں کے تجربے سے انسانوں اور ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات کی عکاسی کی تھی۔

ارتھ فوٹو مقابلے کی تصاویر اور ویڈیوز کی نمائش 25 اگست تک لندن میں رائل جیوگرافیکل سوسائٹی کے پویلین میں جاری رہے گی۔

اس کے علاوہ شارٹ لسٹ ہونے والی تصاویر میں سے منتخب تصاویر کو رواں سال کے اواخر میں انگلینڈ کے محکمہ جنگلات کے زیرِ انتظام کئی جنگلات میں آویزاں کیا جائے گا۔