ایف 35 طیارے شام اور عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں شامل

آر اے ایف 35 بی

،تصویر کا ذریعہMOD

برطانیہ کا نیا سٹیلتھ یعنی چپ چاپ رازدارانہ طور پر حملہ کرنے والا جنگی طیارہ ایف-35 بی لائٹننگ دوئم نے اپنے پہلے عملی مشن پر دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔

برطانیہ کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جزیرہ قبرص پر تعینات ان جنگی طیاروں نے شام اور عراق میں 14 مسلح تیز رفتار مشنز میں شرکت کی ہے۔

برطانوی رائیل ايئر فورس (آر اے ایف) نے کہا کہ ایف-35بی طیاروں نے کوئی حملہ نہیں کیا تھا، لیکن آپریشن 'بطور خاص عمدہ' رہے۔

وزیر دفاع پینی مورڈونٹ نے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔

آر اے ایف 35 بی

،تصویر کا ذریعہEPA

برطانیہ کے پاس فی الحال 17 ایف-35بی طیارے ہیں اور اس نے امریکی ہوابازی کی بڑی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن سے مجموعی طور پر 138 ایسے طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

یہ طیارہ، جس کی قیمت تقریباً دس کروڑ پاؤنڈ ہے، جمپ جیٹ کی طرح عمودی طور پر لینڈ کر سکتا ہے اور اس میں ریڈار سے بچنے کے لیے سٹیلتھ ٹیکنالوجی موجود ہے، جب کہ اس کی رفتار آواز کی رفتار سے زیادہ ہے۔

ایف 35

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنایف 35بی طیاروں کو قبرس کے شہر لیماسول کے پاس اکروتیری ہوائی اڈے پر اترنے سے قبل دیکھا جا سکتا ہے

قبرس میں آر اے ایف کے اکروتیری ہوائی بیس پر مئی کے مہینے سے چھ طیارے 'لائٹننگ ڈان' نامی تربیتی مشق کے لیے تعینات ہیں۔

برطانوی وزارت دفاع نے کہا کہ تربیتی مشق کے طور پر ان طیاروں نے 95 پروازیں کی ہیں جبکہ فارمیشن میں 225 گھنٹوں تک پرواز کی ہے۔

اب ان طیاروں نے جنگجوؤں کے شکار کے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جاری ’آپریشن شیڈر‘ میں شمولیت اختیار کی ہے جس کی قیادت برطانیہ کر رہا ہے۔

ایف 35

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنایف 35بی طیارے بدھ کی شام مرہم ایئر بیس پر پہنچے

وزیر دفاع مورڈونٹ نے قبرس میں آر اے ایف کے ٹھکانے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس بات پر بہت فخر ہے کہ اب یہ طیارے ملک کے دفاع کے لیے پروازیں کر رہی ہیں۔

انھوں نے مزید کہا: ’اس میں واضح طور پر بعض غیرمعمولی صلاحیتیں ہیں جن سے ہمیں واقعتاً سبقت حاصل ہے۔‘

آر اے ایف 35 بی طیارے

،تصویر کا ذریعہMOD

یہ طیارے آر اے ایف اور رائیل نیوی کے اشتراک سے چلائے جاتے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ موسم خزاں میں تین ارب دس کروڑ پاؤنڈ کی مالیت والے نئے کوئین الیزابیتھ کلاس طیارہ بردار بحری جہاز سے ہونے والی مزید مشقوں میں حصہ لیں گے۔

تمام تصاویر کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔