شاؤمی کی فلیش سیل: ایک پاؤنڈ میں سمارٹ فون نہ ملنے پر ہنگامہ

،تصویر کا ذریعہXIAOMI
چینی سمارٹ فون کمپنی کو برطانیہ میں ’فلیش سیل‘ لانچ پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
گذشتہ ہفتے سمارٹ فون کمپنی شاؤمی نے اپنے دو نئے موبائل فونز ’کریزی ڈیلز‘ پروموشن میں صرف ایک پاؤنڈ پر متعارف کروائے۔
لیکن پھر ہوا کچھ یوں کہ ہر سیل میں اس کے دو یا تین موبائل فون ہی رکھے گئے تھے، اور جیسے ہی سیل کا آغاز ہوا شاؤمی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر لکھ دیا گیا: ’سولڈ آؤٹ‘ یعنی تمام موبائل فونز فروخت ہو چکے ہیں۔
برطانیہ میں اشتہارات کی نگرانی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انھیں شکایات موصول ہوئی ہیں اور وہ اب یہ فیصلہ کر رہے ہیں کہ آیا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے یا نہیں۔
شاؤمی کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ’ہم نے 2013 میں پہلی مرتبہ فلیش سیل کا آغاز پوری دنیا میں کیا تھا۔ اس کا مقصد چند خوش قسمت صارفین کو موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ انتہائی کم قیمت پر ہمارے سمارٹ فونز حاصل کر سکیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہReuters
انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ پہلا موقع ہے کہ ہم نے برطانیہ میں اس طرح کی سیل کا آغاز کیا جس پر ہمیں ہماری امید سے بھی زیادہ آرڈر موصول ہوئے۔‘
بہت سے صارفین نے موبائل فون نہ ملنے کی شکایت شاؤمی کے فیس بک صفحے پر کی۔
ایک صارف سمون ہاڈج نے لکھا: ’50 ارب مالیت کی کمپنی جو کہ ایک نئے ملک میں اپنی مصنوعات لانچ کر رہی ہے اور اتنی بڑی ڈیل کے ذریعے وہ آسانی سے 50 فون تو دے ہی سکتی تھی۔ لیکن اس نے ایسا نہیں کیا۔ وہ اس طرح سے اپنے ممکنہ گاہکوں کو کھو دے گی۔‘
ایک اور صارف نے کہا: ’یہ کیسا مذاق ہے، جیسے ہی وقت شروع ہوا، تمام موبائل فروخت تھے۔ یہ صرف لوگوں کو ویب سائٹ پر لانے کا طریقہ تھا۔‘
فیس بک پیج پر جہاں دیگر صارفین شکایات کر رہے تھے وہیں ایک صارف نے شاؤمی کے ویب پیج کا جائزہ لیا اور اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ اس ویب پیج کو اس طرح سے سیٹ کیا گیا تھا کہ جیسے ہی سیل شروع ہو تو پیج پر ’سولڈ آؤٹ‘ لکھا ہی دکھائی دے، بنا یہ دیکھے کہ سٹاک میں سے کتنے موبائل فروخت ہوئے ہیں۔
بہرحال شاؤمی کی جانب سے ان الزامات کو مسترد کیا گیا ہے کہ موبائل فونز کو مقرر کردہ قیمت پر فروخت نہیں کیا گیا۔








