آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
یوٹیوب پر شہرت کے لیے بوائے فرینڈ کو گولی مار دی
امریکہ میں سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش میں ایک خاتون نے اپنے بوائے فرینڈ پر گولی چلائی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
مینیسوٹا کی رہنے والی 19 سالہ موناليزا پیریز پر اپنے بوائے فرینڈ پیڈرو ریوز کو غیر ارادتاً قتل کرنے کے الزامات عائد کرنے کے بعد انھیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
موناليزا نے جس وقت ریوز کے سینے پر گولی ماری اس وقت ان کے تقریباً 30 پڑوسی اور ان کی تین سالہ بیٹی اس منظر کو دیکھ رہے تھے۔
ریوز نے اپنے سینے سے ایک کتاب چپکا رکھی تھی اور انھیں امید تھی کہ گولی کتاب میں ہی دھنس جائے گی اور انھیں کچھ نہیں ہوگا۔
پیڈرو ریوز کی ایک رشتے دار کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں اور فالوورز کی تعداد بڑھانے کے لیے اس طرح کا سٹنٹ کر رہے تھے۔
كلاڈيہ ریوز نے مقامی ٹی وی ڈبليو ڈے کو بتایا: 'اس نے مجھے بتایا تھا کہ وہ ’سٹنٹ‘ اس لیے کر رہا ہے تاکہ بہت زیادہ شہرت مل سکے اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس پر اپنے تبصرے پوسٹ کر سکیں۔'
كلاڈيہ نے کہا: 'اس نے مجھے اپنے خیال کے بارے میں بتایا تھا اور میں نے کہا تھا، ایسا مت کرو، آپ بندوق کیوں استعمال کرنا چاہتے ہو۔'
وہ کہتی ہیں: 'وہ دونوں ایک دوسرے سے بے حد پیار کرتے تھے۔ یہ صرف ایک شرارت تھی جس کا انجام غلط ہوا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مونا لیزا پیریز حاملہ ہیں اور اب انھیں جلد ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق کتاب ایک سخت جلد والی انسائیکلو پیڈیا تھی اور گولی چلانے کے لیے 50 كیلیبر کی ہینڈ گن کا استعمال کیا گیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں دو کیمرے بھی ضبط کیے ہیں جن میں اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی ہے۔
پیریز نے تقریباً ایک فٹ کے فاصلے سے پیڈرو پر گولی چلائی تھی۔ اس سے پہلے انھوں نے اس سٹنٹ کے بارے میں ٹویٹ بھی کیی تھا۔
اپنی ٹویٹ میں انھوں نے لکھا تھا کہ وہ ایک سٹنٹ میں پیڈرو پر گولی چلائیں گی لیکن یہ آئیڈیا ان کا نہیں بلکہ پیڈرو کا ہے۔
ان کے ایک پڑوسی وینی کیمرون نے مقامی ٹی وی کو بتایا: ’ہر شخص رو رہا تھا۔ میں اسی کے پاس ایک پیڑ کے پیچھے کھڑا تھا۔ بس یہ سب ہو گیا۔ میں اسے برداشت نہیں کر پایا اس لیے میں فوراً گھر واپس آگیا۔'
دونوں نے اپنا یوٹیوب چینل کھولا تھا جس پر دونوں سٹنٹ نما ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے تھے۔