انگلش ہسپتال علاج سے پہلے ہی غیرملکیوں سے بِل وصول کرنے کے پابند

،تصویر کا ذریعہiStock
انگلینڈ میں این ایچ ایس کے زیرِ انتظام ہسپتالوں پر اب سے قانونی پابندی ہو گی کہ وہ غیر ملکی مریضوں سے غیر ہنگامی علاج کے لیے قبل از علاج اخراجات وصول کریں۔
اس پابندی کا اطلاق ان غیر ملکی مریضوں پر نہیں ہوگا جو قانونی طور پر مفت علاج کے حقدار ہوں گے۔
اس سال اپریل سے ہسپتال پیشگی ادائیگی کے بغیر غیر ملکی مریضوں کے آپریشن کرنے سے انکار کر سکیں گے۔
این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ اب ہسپتالوں کو اپنے قرض کی ادائیگی کے لیے لوگوں کا پیچھا نہیں کرنا پڑے گا۔
تاہم ہنگامی صورتحال میں علاج فوراً کیا جائے گا اور اس کے لیے رقم کا مطالبہ بعد میں کیا جا سکے گا۔
یہ اعلان وزیرِ صحت جیرمی ہنٹ کی جانب سے ایسے وقت کیا گیا ہے جب ملک میں سیاحوں کے این ایچ ایس کے وسائل استعمال کرنے کے حوالے سے بحث جاری ہے۔
بی بی سی کی ڈاکیومنٹری ’ہسپتال‘ میں دکھایا گیا کہ متعدد غیر ملکی مریض ہسپتالوں میں اپنے بل ادا نہیں کرسکے۔
موجودہ قوانین کے مطابق ہسپتالوں کو اب بھی یورپی اکنامک ایریا سے باہر کے غیر ملکی مریضوں کے علاج کے لیے رقم کا مطالبہ کرنا ہوتا ہے تاہم اس وقت وہ علاج کرنے کے بعد یہ مطالبہ کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یورپی اکنامک ایریا سے آنے والے مریضوں کے علاج معالجے کی تفصیلات وزارتِ صحت کو دی جاتی ہیں تاکہ ان اخراجات کو ان کی حکومتوں سے واپس لیا جا سکے۔
این ایچ ایس امپیریل کالج ٹرسٹ کے اعداد و شمار کے مطابق این ایچ ایس نے گذشتہ سال غیر ملکی مریضوں پر چار ملین پاؤنڈ خرچ کیے تاہم ان میں سے صرف 1.6 ملین پاؤنڈ کی وصولی ہو سکی۔








